ناسک/ ناسک ضلع میں چاندوڑ-ممبئی آگرہ ہائی وے پر پولیس کی گاڑی کو حادثہ پیش آیا ہے۔ ناسک سے مالیگاؤں کی سمت آرہی پولیس کی وین چاندوڑ کے قریب رہوڈ گھاٹ پر حادثہ کا شکار ہوگئی۔ اس حادثہ میں ناسک دیہی پولیس فورس کے اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ حادثے میں زخمیوں کو فوری طور پر چاندوڑ کے اسپتال میں داخل کرایا گیا اور اس حادثے میں ڈرائیور پرشوتم مورے کے سر اور ٹانگ پر شدید چوٹیں آئیں۔
اس کے علاوہ پولس اہلکار نیلیش لونڈے، جیونت چودھری، کمار جادھو، کرن آہر، چیتن ٹنگر، نیلیش کھنڈالے، شیتل گائیکواڑ، کشور بوڈکے، ناناجی مروندے، شانتارام گاڈے، نیلیش اہیرے کو معمولی چوٹیں آئیں۔ چاندوڑ پولس انسپکٹر کیلاس واگھ فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچے اور سوما ٹول عملہ کی مدد سے زخمیوں کی مدد کی۔ بتایاجارہا ہے کہ مذکورہ ملازمین کا تعلق وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے سیکورٹی بیڑے سے ہے ۔