مشہور خبریں

سماجوادی پارٹی کا 25 رکنی پارلیمنٹری بورڈ تشکیل، اُمیدواروں کے انٹرویو، انتخاب اور فیصلے کا مکمل اختیار بورڈ کو ،مرد اُمیدوار کیلئے 10 ہزار، خواتین اُمیدوار کیلئے 5 ہزار روپے فارم فیس ،جمعہ کو اُمیدواروں کی پہلی فہرست جاری کرنے کا اعلان


مالیگاؤں / 15 دسمبر کو شام 5 بجے الیکشن کمیشن آف مہاراشٹر کی جانب سے منعقدہ پریس کانفرنس میں ریاست کی 29 میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کی تاریخوں کا باضابطہ اعلان کیا گیا، جس میں مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن بھی شامل ہے۔

انتخابی شیڈول کے اعلان کے ساتھ ہی سماجوادی پارٹی نے مالیگاؤں میں اپنی انتخابی سرگرمیوں کو مزید تیز کر دیا ہے۔ سماجوادی پارٹی مقامی سطح پر انڈین سیکولر لارجیسٹ اسمبلی آف مہاراشٹر (ا۔س۔ل۔ا۔م) کے ساتھ اتحاد قائم کرتے ہوئے مالیگاؤں سیکولر فرنٹ کے بینر تلے انتخابات لڑنے کیلئے پوری قوت کے ساتھ میدان میں اتر چکی ہے۔

گٹھ بندھن کے تحت سماجوادی پارٹی کے حصے میں آنے والی نشستوں پر اُمیدواروں کے انٹرویو لینے، ان کا انتخاب کرنے اور حتمی فیصلہ کرنے کیلئے سماجوادی پارٹی کے صدر شانِ ہند نہال احمد نے ایک مضبوط اور بااختیار 25 رکنی پارلیمنٹری بورڈ کی تشکیل عمل میں لائی ہے، جسے مکمل اختیارات تفویض کئے گئے ہیں۔

یہ پارلیمنٹری بورڈ نہ صرف اُمیدواروں کے انتخاب کا عمل شفاف اور منصفانہ بنانے کا ذمہ دار ہوگا بلکہ مالیگاؤں سیکولر فرنٹ کے تمام اُمیدواروں کی کامیابی کیلئے جامع انتخابی حکمتِ عملی تیار کرنے، سیاسی سرگرمیوں کی نگرانی کرنے اور زمینی سطح پر تنظیم کو مضبوط بنانے میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا۔

پارلیمنٹری بورڈ کے اراکین کے نام درج ذیل ہیں:

1. رشید سیٹھ ایولے والے
2. اطہر حسین اشرفی
3. ناصر خان
4. سہیل عبدالکریم
5. مولانا زاہد ندوی
6. ایڈوکیٹ توصیف شیخ
7. ڈاکٹر ریحان رحیمی
8. انور منڈپ والا
9. شکیل ٹِلّو
10. رمضان عباس
11. رئیس ستارہ
12. محمد عالم سیٹھ
13. خورشید کابل
14. معین اختر
15. شاہد فائن
16. توحید انصاری
17. خالد ٹھنڈے
18. طارق مچھلی والا
19. ساجد شیخ (پاپا لائٹ والا)
20. راحیل حنیف
21. عارف حسین پاپا
22. انیس مستری
23. عبدالرحمٰن سپنا
24. کلیم بھیا لال شاہ
25. احمد ایوبی سر
بروز منگل، 16 دسمبر کو دوپہر 2 بجے، سماجوادی پارٹی کے صدر شانِ ہند نہال احمد کی صدارت اور یوا لیڈر مستقیم ڈگنیٹی کی نگرانی میں پارلیمنٹری بورڈ کی ایک اہم اور تفصیلی میٹنگ منعقد ہوئی۔ اس میٹنگ میں سماجوادی پارٹی کی ریاستی گائیڈ لائن کے مطابق باہمی مشاورت کے بعد مرد اُمیدوار کیلئے 10 ہزار روپے اور خاتون اُمیدوار کیلئے 5 ہزار روپے فارم فیس مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

پارٹی کی جانب سے واضح کیا گیا کہ خواہش مند اُمیدوار آج سے پارٹی کے رابطہ آفس پر اپنے متعلقہ وارڈ نمبر کے ساتھ فارم حاصل کر کے مقررہ فیس کے ساتھ جمع کرا سکتے ہیں۔

پارلیمنٹری بورڈ نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ جمعہ کے روز ایک باقاعدہ پریس کانفرنس کے ذریعے مالیگاؤں سیکولر فرنٹ کے تحت سماجوادی پارٹی کے اُمیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی جائے گی، جس کے بعد انتخابی مہم کو مزید منظم اور تیز رفتار بنایا جائے گا۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.