مالیگاؤں : شہر میں HP گیس ایجنسی کے دفتر اور گودام کو مرکزی علاقے سے منتقل کیے جانے کے خلاف سماجوادی پارٹی نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پرانت ادھیکاری کو میمورنڈم پیش کیا۔ اس میمورنڈم میں مطالبہ کیا گیا کہ گیس ایجنسی کو فوری طور پر دوبارہ شہر کے مرکزی علاقے میں منتقل کیا جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔
میمورنڈم میں کہا گیا کہ پہلے HP گیس ایجنسی کا دفتر اور گودام شہر کے وسطی علاقے کھڈا جین شیواجی پتلا کے پاس واقع تھا، جس کی وجہ سے شہریوں کو سہولت اور آسانی کے ساتھ خدمات حاصل ہو رہی تھیں۔ تاہم حالیہ دنوں میں اس کی منتقلی شہر کے مضافاتی علاقے ایروما ٹاکییز کے پاس کر دی گئی ہے، جس کے سبب خاص طور پر مرکزی علاقے کے ہزاروں صارفین کو خصوصاً خواتیں کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
سماجوادی پارٹی کے ذمہ داران نے نشاندہی کی کہ اس منتقلی کے باعث شہریوں کو طویل فاصلہ طے کرنا پڑ رہا ہے، وقت اور پیسے کا ضیاع ہو رہا ہے، جبکہ خواتین، بزرگ شہریوں اور مزدور طبقہ کے لیے یہ صورتحال مزید تکلیف دہ بن گئی ہے۔ بار بار گیس سلنڈر کے حصول کے لیے چکر لگانے پڑ رہے ہیں، جس سے عوام میں ناراضگی پائی جا رہی ہے۔
میمورنڈم پیش کیے جانے کے بعد پرانت آفیسر نے فوری طور پر متعلقہ ادھیکاری سے رابطہ قائم کرتے ہوئے ہدایت دی کہ عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے جلد از جلد مسئلہ حل کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یا تو گیس ایجنسی کا دفتر دوبارہ شہر کے مرکزی علاقے میں منتقل کیا جائے، یا پھر شہریوں کی سہولت کے لیے نئی برانچ قائم کی جائے، تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کم ہو سکیں۔
ڈپٹی میئر شان ہند نہال احمد نے یہ بھی انتباہ دیا کہ اگر متعلقہ ایجنسی کی جانب سے انتظامیہ کی ہدایات پر عمل نہیں کیا گیا تو ان کے خلاف لائسنس منسوخی سمیت سخت کارروائی کی جائے۔ بصورت دیگر سماجوادی پارٹی عوام کے ساتھ مل کر شدید اور وسیع پیمانے پر احتجاج کرنے پر مجبور ہوگی، جس کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔
اس موقع پر ڈپٹی میئر شان ہند نہال احمد، سماجوادی پارٹی گٹ نیتا مستقیم ڈگنیٹی صاحب کے ہمراہ اطہر حسین اشرفی، سہیل عبدالکریم، اشفاق ممبر، راحیل حنیف، رئیس ڈومن، صہیب خان اعظمی، عبدالسلام عطر والا، شہزاد ماسٹر، فیضان رجو، عارف عطار، ابواللیث انصاری، مجو بھائی رکشہ والے، اعجاز پاپے، راجو ہیپی سمیت دیگر ذمہ داران موجود تھے۔
سماجوادی پارٹی نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس عوامی مسئلہ پر فوری سنجیدگی سے غور کرتے ہوئے مثبت اور ٹھوس کارروائی کرے۔
