مشہور خبریں

عدم تشدد، جمہوری جدوجہد اور پُرامن احتجاج کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے جنتر منتر پر کامیاب ہوئی طلباء کی تحریک پر مالیگاؤں میں جشن فتح کا اعلان , وائس آف مالیگاؤں و سماجوادی پارٹی کی پریس کانفرنس، عوام سے شرکت کی اپیل

مالیگاؤں: 26 جولائی /  ملک بھر میں بار بار ہونے والے پیپر لیک معاملات کے خلاف دہلی میں جاری طلبہ کی تحریک کو بڑی کامیابی حاصل ہونے کے بعد مالیگاؤں شہر میں جشن منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ "وائس آف مالیگاؤں" کی جانب سے پیر 27 جولائی کو دوپہر 3 بجے اشوک استھمب (شہیدوں کی یادگار)، قدوائی روڈ پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا۔اس طرح کی اطلاع سماجوادی پارٹی اور وائس آف مالیگاؤں کی جانب سے منعقدہ پریس کانفرنس سے دی گئی ۔اس پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ ملک گیر احتجاج کے دوران طلبہ نے پیپر لیکس پر روک لگانے، امتحانی نظام میں شفافیت و احتساب کو یقینی بنانے اور پیپر لیک کے باعث خودکشی کرنے والے تقریباً 22 طلبہ کے اہل خانہ کو ایک ایک کروڑ روپے معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا تھا۔ احتجاج کے دوران طلبہ نے آئین ہند کے آرٹیکل 19 کے تحت پارلیمنٹ تک پیدل مارچ کا اعلان بھی کیا تھا، تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ مارچ کے دوران دہلی پولیس نے طلبہ پر لاٹھی چارج کیا، جبکہ خواتین طلبہ کے ساتھ مبینہ بدسلوکی کے ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر سامنے آئے، جس کے بعد اس معاملے نے ملک بھر میں توجہ حاصل کی۔اسی سلسلے میں مالیگاؤں شہر میں بھی اشوک استھمب کے پاس انسانی زنجیر اور دھرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ اب تحریک کی کامیابی کے بعد "وائس آف مالیگاؤں" کی جانب سے جشن منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس میں مہاتما گاندھی کی شبیہہ کو لڈوؤں اور دیگر مٹھائیوں میں تول کر عوام میں تقسیم کیا جائے گا۔وائس آف مالیگاؤں کے نمائندے نے کہا کہ یہ کامیابی کسی ایک سیاسی جماعت یا تنظیم کی نہیں بلکہ ملک کے طلبہ اور نوجوانوں کی اجتماعی جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے شہر کی عوام، خصوصاً طلبہ اور نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ پیر کو دوپہر 3 بجے اشوک استھمب قدوائی روڈ پر بڑی تعداد میں پہنچ کر اس تاریخی جشن میں شرکت کریں۔ یہ پوری تحریک مہاتما گاندھی کے عدم تشدد، جمہوری جدوجہد اور پُرامن احتجاج کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے کامیابی سے ہمکنار ہوئی، جس کی خوشی میں یہ تقریب منعقد کی جا رہی ہے۔اس پریس میں راحیل حنیف،شعیب اعظمی،معاذ ڈگنیٹی،فیضان رجو اختر خالو العمروف گاندی،محمد مسلم ڈھانڈے پہلوان موجود تھے ۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.