مالیگاؤں / آئندہ گنیش اتسو کو پُرامن، محفوظ اور خوشگوار ماحول میں منانے کے لیے مالیگاؤں انتظامیہ اور پولیس محکمہ نے وسیع پیمانے پر تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ شہر کے حساس مقامات، اہم چوراہوں اور وسرجن روٹس پر اضافی نفری تعینات کی جائے گی اور باقاعدہ گشت میں اضافہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار پولیس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ڈی ایس سوامی نے آج منعقدہ امن کمیٹی کی اہم میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس اجلاس میں ایڈیشنل کلکٹر ہیمانگی پاٹل ، میونسپل کمشنر رویندر جادھو، سب ڈویژنل مجسٹریٹ نتن سدگیر، ایڈیشنل ایس پی سورج گنجال، اسسٹنٹ ایس پی درشن دگڑ، سدھارتھ باروال، ایس ڈی پی او مسٹر مجگاؤنکر اور گنیش اتسو کمیٹی کے صدر چیتنیہ دیورے سمیت تمام اراکین اور منڈلوں کے عہدیداران موجود تھے۔
افواہوں پر کان نہ دھریں، سوشل میڈیا پر سخت نگرانی :
ایس پی ڈاکٹر سوامی نے واضح کیا کہ تہوار کے دوران امن میں خلل ڈالنے کی کوشش کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ سوشل میڈیا پر کسی بھی غیر مصدقہ یا اشتعال انگیز مواد اور افواہوں پر دھیان نہ دیں اور فوری طور پر پولیس و انتظامیہ سے رابطہ کریں۔ انہوں نے تمام گنیش منڈلوں کو انتظامیہ کے ساتھ مسلسل تال میل بنائے رکھنے کی ہدایت دی۔
میونسپل کارپوریشن کی سہولیات اور وسرجن روٹس کی تیاری :
ایڈیشنل کلکٹر ہیمانگی پاٹل نے کہا کہ ریونیو ، پولیس اور کارپوریشن کے باہمی اشتراک سے تمام تیاریاں ترجیحی بنیادوں پر کی جا رہی ہیں۔
میونسپل کمشنر رویندر جادھو نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ :
* وسرجن کے اہم راستوں کی بروقت مرمت، صفائی اور ایل ای ڈی لائٹس کے انتظامات شروع کر دیے گئے ہیں۔
* گھریلو مورتیوں کے لیے ماحول دوست طریقے سے وسرجن کی خاطر مختلف مقامات پر مصنوعی تالاب بنائے جا رہے ہیں۔
* جلوس کی راہ میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ یا تجاوزات کو فوری ہٹایا جائے گا اور فائر بریگیڈ سمیت تمام ایمرجنسی خدمات کو الرٹ رکھا گیا ہے۔
میٹنگ کے دوران معزز مہمانوں کے ہاتھوں شہریوں کی سہولت کے لیے ایک خصوصی ہیلپ لائن کا بھی افتتاح کیا گیا، جبکہ ایڈیشنل ایس پی سورج گنجال نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
