ممبئی/ آج 21 فروری سے 12ویں کے امتحانات شروع ہو گئے ہیں ، امتحان کے پہلے ہی دن پنویل میں پڑھائی کے تناؤ کی وجہ سے ایک طالب علم کی خودکشی کا چونکا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔ جس کی وجہ سے علاقے میں کہرام مچ گیا ۔
اس سلسلے میں موصولہ اطلاع کے مطابق خودکشی کرنے والے طالب علم کا نام ونش مہاترے (17سال ) ہے اور ابتدائی معلومات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ وہ گزشتہ کچھ دنوں سے پڑھائی کی وجہ سے ذہنی دباؤ میں تھا۔ کل (20 فروری) کی رات والدین کے گھر پر نہ ہونے کی وجہ سے ونش نے خودکشی کا انتہائی قدم اٹھایا ہے ۔
ونش کے والدین جب گھر آئے تو انہوں نے دروازہ بند پایا۔ جس کے بعد انہوں نے کنڈی سے دروازہ کھولا تو ونش کی لاش پنکھے سے لٹکی ہوئی ملی ۔
اس دوران پنویل پولیس کو جیسے ہی اس واقعہ کی اطلاع ملی، وہ فوراً موقع پر پہنچ گئے۔ معاملے کی مزید تفتیش بھی شروع کر دی گئی ہے اور لوگوں سے گزارش ہے کہ وہ پڑھائی اور دیگر تناؤ کی وجہ سے خودکشی جیسا قدم نہ اٹھائیں ۔


