ناسک / محکمہ موسمیات کی جانب سے کم بارشوں کی پیش گوئی کے مطابق اگست کے آخر تک شہریوں کو پانی کی فراہمی کے پیش نظر تفصیلی منصوبہ بندی کی جائے۔
کلکٹریٹ کے مرکزی ہال میں پانی کی قلت سے متعلق آج منعقدہ جائزہ میٹنگ میں سرپرست وزیر دادا بھوسے نے اس طرح کی ہدایت دی ۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر گنگاتھرن ڈی، ضلع پریشد کی چیف ایگزیکٹیو آفیسر آشیما متل، محکمہ آبی وسائل کے ایگزیکٹیو انجینئر ساگر شندے، ڈسٹرکٹ واٹر کنزرویشن آفیسر ہری بھاؤ گیتے، ڈسٹرکٹ پلاننگ آفیسر کرن جوشی، ناسک میونسپل کارپوریشن کے ایڈیشنل کمشنر پردیپ چودھری، ناسک میونسپل کارپوریشن واٹر سپلائی ڈیپارٹمنٹ کے سپرنٹنڈنگ افسران موجود تھے۔ وہیں مالیگاؤں میونسپل کمشنر بھالچندر گوساوی کے ساتھ متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔
سرپرست وزیر دادا بھوسے نے کہا کہ محکمہ موسمیات نے جون اور جولائی کے مہینوں میں کم بارش کے امکان کی پیش گوئی کی ہے۔ اس لیے حکومت نے اگست کے آخر تک پینے کا پانی فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔ اسی مناسبت سے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔
ضلع میں جن واٹر سپلائی اسکیموں پر کام جاری ہے ان کاموں کو فوری مکمل کیا جائے۔ تاکہ وہ واٹر سپلائی اسکیمیں پانی کی ممکنہ قلت کے دوران شہریوں کے لیے کارآمد ثابت ہوں۔ نیز گاؤں کی سطح پر ناکارہ کنوؤں کی مرمت کا کام فوری طور پر مکمل کیا جائے۔ اس موقع پر سرپرست وزیر دادا جی بھوسے نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ پانی کا استعمال احتیاط سے کریں اور اس بات کو بھی یقینی بنائیں کہ پینے کا پانی ضائع نہ ہو۔
کلکٹر گنگاتھرن ڈی نے کہا کہ گاؤں کی سطح پر پانی کے ذرائع کا سروے کرکے ٹینکروں کی تعداد کا تعین کیا جائے۔ قحط زدہ دیہاتوں میں جل جیون مشن کا کام پانی کی رفتار کے ساتھ مکمل کیا جائے۔ کلکٹرگنگاتھرن ڈی نے فوری طور پر پانی کے ریزرویشن سے متعلق تجاویز پیش کرنے کی ہدایت دی۔
میٹنگ کے بعد سرپرست وزیر دادا بھوسے نے آبی تحفظ کے محکمے کی گال مکت ڈیم، گال مکت شیوار مہم کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ اس وقت ایم ایل اے ڈاکٹر راہول اہیر، ضلع کلکٹر گنگاتھرن ڈی، ضلع آبی تحفظ افسر ہری بھاؤ گیتے سمیت عہدیدار موجود تھے۔



