مشہور خبریں

پوارواڑی پولیس کی بڑی کاروائی : کرانہ دکان پر چھاپہ ، 43 ہزار روپے مالیت کا ممنوعہ گٹکا ضبط ، اقدامِ قتل معاملے میں فرار ملزم گرفتار ، 4 دنوں کی پولیس کسٹڈی ، گرنا ندی میں سیلابی کیفیت پولیس انسپکٹر راہول کھتال کی عوام سے اپیل ، غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان

مالیگاؤں : پوارواڑی پولس اسٹیشن کے سینئر پولس انسپکٹر راہول کھتال نے گزشتہ چند روز کے دوران پولس کی جانب سے انجام دی گئی اہم کارروائیوں کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں امن و امان برقرار رکھنے اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے پولس کی مہم آئندہ بھی پوری سختی کے ساتھ جاری رہے گی۔ 

انہوں نے بتایا کہ یہ کارروائیاں سپرنٹنڈنٹ آف پولس ڈاکٹر سوامی، ایڈیشنل ایس پی گنجال اور ڈی وائے ایس پی بروال کی رہنمائی میں ڈی بی اسٹاف کے اے پی آئی پاٹل ، حوالدار سانگلے اور حوالدار راکیش ابالے کی ٹیم نے انجام دیں۔

گرنا ندی میں جانے سے گریز کی اپیل :

پی آئی راہول کھتال نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ مانسون کے دوران گرنا ندی میں پانی کی سطح اچانک بڑھ سکتی ہے، اس لیے کوئی بھی شخص ندی کے درمیان یا پانی کے بہاؤ والے حصے میں داخل نہ ہو۔ انہوں نے یاد دلایا کہ گزشتہ برسوں میں کئی افراد ندی میں پھنس گئے تھے جنہیں فائر بریگیڈ اور ہیلی کاپٹر کی مدد سے بحفاظت ریسکیو کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ معمولی لاپرواہی بھی جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے، اس لیے شہری احتیاط کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔انہوں نے برسات کے موسم کے پیشِ نظر شہریوں سے خصوصی احتیاط برتنے کی اپیل بھی کی۔

راہل کتھال  کے مطابق پوار واڑی پولس نے ایک کرانہ دکان پر چھاپہ مار کر تقریباً 43 ہزار روپے مالیت کا ممنوعہ گٹکا ضبط کیا۔ اس کارروائی میں ملزم ندیم کو گرفتار کیا گیا، جبکہ تفتیش کے دوران سپلائر مدثر کا نام بھی سامنے آیا ہے۔ پولس نے واضح کیا کہ گٹکے کی غیر قانونی خرید و فروخت میں ملوث کسی بھی شخص کو بخشا نہیں جائے گا اور پورے سپلائی نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ کرانہ دکانداروں اور پان ٹپری مالکان کو بھی سخت تنبیہ کی گئی ہے۔

پولس نے این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت کارروائی کرتے ہوئے ملزم محمد توفیق محمد رفیق کو گرفتار کیا، جبکہ گزشتہ ہفتے ایک اور منشیات فروش کو بھی حراست میں لیا گیا تھا۔اسی طرح اقدامِ قتل کے ایک سنگین مقدمے میں مطلوب ملزم حسن شاہ عرف حسن ڈنڈو کو گرفتار کر لیا گیا ۔ عدالت نے ملزم کو چار روزہ پولس ریمانڈ پر بھیج دیا ہے تاکہ مزید تفتیش کی جا سکے۔

سینئر پولیس انسپکٹر راہول کھتال نے کہا کہ پوارواڑی پولس شہر میں امن و امان برقرار رکھنے، منشیات، گٹکا اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے پوری سنجیدگی سے کام کر رہی ہے اور آئندہ بھی قانون شکن عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.