مالیگاؤں : اپنی تعلیمی کارکردگی و نمائندگی سے تعلیم دوست ایم ایل اے کا خطاب پانے والے سابق رکن اسمبلی آصف شیخ رشید 2019 کے اسمبلی چناؤ میں شکست کے باوجود اپنی سرگرمیوں کو جاری رکھے ہوئے ہیں ۔تعلیم کے تعلق سے انہوں نے ماضی میں بھی اپنے ایم ایل اے فنڈ سے شہر بھر میں اسٹڈی سینٹر کا قیام کرتے ہوئے غریب طلباء کی پڑھائی کا بہترین نظم کیا جو آج بھی جاری و ساری ہے ۔وہیں انہوں نے شہر بھر کے ہزاروں طلباء کو نویں سے بارہویں جماعت کی کتابوں کا سیٹ ایم ایل اے فنڈ سے تقسیم کیا ۔آصف شیخ نے تعلیم کیلئے طلباء میں دلچسپی بڑھانے کیلئے ہر سال تعلیمی پروگرام کا انعقاد کیا اور طلباء کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں انعامات سے نوازا ۔
اسی سلسلے کی کڑی کو آگے بڑھاتے ہوئے آصف شیخ رشید نے سابق ایم ایل اے مرحوم شیخ رشید کی یاد میں شہر کے طالبان علم کو تعلیمی تحفہ پیش کرنے کی غرض سے نیٹ سینٹر کا قیام عمل میں لا رہے ہیں ۔اس طرح کا اعلان آج آصف شیخ رشید نے محفل ہال میں منعقدہ عوامی میٹنگ سے کیا ۔آصف شیخ رشید نے کہا کہ ہزار کھولی کے قریب نورباغ گراؤنڈ سے متصل اراضی پر شیخ رشید ایجوکیشن کیمپس کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے ۔جہاں تین کروڑ روپے کی لاگت سے نیٹ، جے ای ای سینٹر کا سنگ بنیاد مورخہ 6 اکتوبر کو کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس نیٹ سینٹر میں شہر کے غریب طلبا انتہائی رعیاتی فیس میں تعلیم حاصل کر سکیں گے تاکہ غریب طلبا بھی ڈاکٹر انجنئیر کا خواب پورا کر سکیں ۔انہوں نے بتایا کہ ہم ایک طرف شہر کی تعمیر و ترقی کیلئے جدوجہد کررہے ہیں تو دوسری طرف کچھ سیاسی لیڈران تفرقہ کی سیاست کررہے ہیں ۔