مشہور خبریں

میرا وارڈ، میری ذمہ داری" کے نعرے کے ساتھ سماجوادی پارٹی ایکشن کمیٹی بنانے کیلئے 31 اگست کو لوٹس لانس میں اہم و فیصلہ کُن میٹنگ

مالیگاؤں / سماجوادی پارٹی مالیگاؤں کی جانب سے آئندہ میونسپل کارپوریشن الیکشن کے تناظر میں اپنی سرگرمیوں کو تیز کر دیا گیا ہے۔ پارٹی کی صدر محترمہ شانِ ہند نہال احمد نے اعلان کیا ہے کہ 31 اگست بروز اتوار رات 8 بجے، 60 فٹی روڈ پر واقع لوٹس لانس میں پارٹی ورکرس اور ذمہ داران کی ایک نہایت ہی اہم، تاریخی اور فیصلہ کُن میٹنگ منعقد ہوگی۔

پارٹی کے جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ توصیف شیخ نے پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے کارپوریشن الیکشن میں سماجوادی پارٹی کا کردار نہایت ہی اہم اور اثرانداز ہونے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر شانِ ہند نہال احمد اور یوتھ لیڈر مستقیم ڈگنیٹی کی رہنمائی میں پارٹی مالیگاؤں شہر کی سیاست میں ایک مضبوط متبادل کے طور پر اُبھر رہی ہے۔ اسی مقصد کے تحت یہ میٹنگ بلائی گئی ہے تاکہ پارٹی کے کارکنان اور ذمہ داران کو آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل سے آگاہ کیا جا سکے۔

ایڈوکیٹ توصیف شیخ نے مزید کہا کہ اس میٹنگ میں اسلام پارٹی کے ساتھ گٹھ بندھن پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا، ساتھ ہی کارپوریشن الیکشن کے لئے وارڈ وائز حکمتِ عملی طے کی جائے گی۔ اس دوران شہر کے ہر وارڈ میں پارٹی ذمہ داران پر مشتمل "میرا وارڈ، میری ذمہ داری" کے انقلابی نعرے کے ساتھ سماجوادی پارٹی ایکشن کمیٹی تشکیل دی جائے گی، جو عوامی مسائل کے حل اور انتخابی تیاریوں میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایکشن کمیٹیاں صرف انتخابی سطح پر ہی نہیں بلکہ شہر کی تعمیر و ترقی، عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اور پارٹی کے نظریات کو گھر گھر پہنچانے میں بھی سرگرم رہیں گی۔

واضح رہے کہ مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے انتخابات قریب ہیں اور اس بار سماجوادی پارٹی پوری تیاری اور مستحکم حکمتِ عملی کے ساتھ میدان میں اُترنے کے لئے پرعزم ہے۔ پارٹی قیادت کا ماننا ہے کہ مالیگاؤں کے عوام حقیقی ترقی، انصاف اور بھائی چارے کی سیاست چاہتے ہیں، اور سماجوادی پارٹی ہی اس ضرورت کو پورا کرنے کی اہل ہے۔

لہٰذا سماجوادی پارٹی کے تمام ذمہ داران، وارڈ سطح کے لیڈران اور کارکنان سے پُرزور گزارش ہے کہ وہ اس اہم اور فیصلہ کُن میٹنگ میں بھرپور تعداد میں شریک ہوکر پارٹی کو مضبوطی عطا کریں اور ایک نئے سیاسی سفر کا آغاز کریں۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.