مشہور خبریں

مالیگاؤں اسٹریٹ لائٹ گھوٹالہ: ابو عاصم اعظمی کا نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کو خط لکھ کر سخت کارروائی کا مطالبہ

مالیگاؤں  / سماجوادی پارٹی مہاراشٹر کے صدر اور رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی نے مالیگاؤں اسٹریٹ لائٹ اسکیم میں مبینہ گھوٹالے کو لے کر ریاست کے نائب وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے کو تحریری شکایت دیتے ہوئے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

ابوعاصم اعظمی نے اپنے خط میں الزام عائد کیا کہ گزشتہ دس برسوں سے مالیگاؤں اسٹریٹ لائٹ منصوبے میں بڑے پیمانے پر بدعنوانی کی جا رہی ہے، جس کے سبب نہ صرف عوامی خزانے کا زبردست نقصان ہوا ہے بلکہ شہر کی عوام اندھیروں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ کروڑوں روپے خرچ ہونے کے باوجود اسٹریٹ لائٹ کا نظام آج تک درست نہیں ہے۔ جگہ جگہ اندھیرا چھایا رہتا ہے اور عوامی تحفظ بری طرح متاثر ہے۔ انتظامیہ کی غفلت اور ٹھیکیداروں کی بے ضابطگیاں اس گھوٹالے کی جڑ ہیں۔
ابوعاصم اعظمی نے اس معاملے کو ’’سنگین بدعنوانی‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی محنت کی کمائی کو لوٹا گیا ہے۔ ان کے مطابق اس اسکیم میں ناقص کام، غیر ذمہ دارانہ رویہ اور بدانتظامی کی وجہ سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا۔

انہوں نے نائب وزیراعلیٰ سے اپیل کی کہ اس گھوٹالے کی اعلیٰ سطحی انکوائری کرائی جائے اور اس میں ملوث تمام ذمہ داران اور بدعنوان افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں عوامی منصوبوں میں اس طرح کی بے ضابطگیاں نہ دہرائی جائیں۔

ابو عاصم اعظمی نے یقین دلایا کہ اگر ریاستی حکومت اس معاملے میں منصفانہ تحقیقات کرے گی تو سچائی سامنے آئے گی اور عوام کو انصاف ملے گا۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.