مالیگاؤں / مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے آئندہ انتخابات کے پیش نظر سیاسی ماحول میں تیزی کے ساتھ تبدیلی آ رہی ہے۔ اسی تناظر میں سماجوادی پارٹی کی جانب سے 11 دسمبر بروز جمعرات، رات 9 بجے آگرہ روڈ واقع عوامی رابطہ آفس میں ایک انتہائی اہم، فیصلہ کن اور ہنگامی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا ہے۔
اس میٹنگ میں شہر کے موجودہ سیاسی حالات پر تفصیلی غور و فکر کیا جائے گا۔ خاص طور پر شہر کو فرقہ پرستانہ سازشوں سے محفوظ رکھنے، قلعہ جھونپڑپٹی معاملے، جنم داخلہ کے بحران اور دیگر مقامی مسائل کے حل کے لیے ممکنہ سیاسی حکمت عملی طئے کی جائے گی۔ ساتھ ہی میٹنگ میں یہ بھی طئے کیا جائے گا کہ سماجوادی پارٹی شہری مفاد، امن و یکجہتی اور ترقی کے مشترکہ ایجنڈے کو مضبوط بنانے کے لیے کن سیاسی پارٹیوں کے ساتھ انتخابی اتحاد کرے تاکہ شہر میں ترقی پسند، شفاف قیادت سامنے آ سکے۔
سماجوادی پارٹی کی صدر شانِ ہند نہال احمد نے تمام پارٹی ورکرس، ذمہ داران، عہدیداران اور خواہش مند امیدواروں سے اس انتہائی اہم اور فیصلہ کن میٹنگ میں بروقت شرکت کی پُرزور اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ “یہ میٹنگ شہر کے مستقبل اور انتخابی حکمت عملی کے تعین میں سنگِ میل ثابت ہوگی، لہٰذا ہر ذمہ دار ساتھی کی موجودگی نہایت ہی ضروری ہے۔”
