مشہور خبریں

قتل معاملے میں گلشیر نگر کا عارف شیخ گرفتار , خون آلود لاش کے سر پر لوہے کی راڈ سے وار کا شبہ، منشیات کے کاروبار سے قتل کا تعلق ہونے کی تحقیقات ,شہر میں منشیات اور نشہ آور ادویات کی دستیابی نوجوان نسل کے لیے انتہائی تشویشناک

مالیگاؤں / مالیگاؤں شہر میں گزشتہ شب ایک نوجوان کے بہیمانہ قتل کی واردات نے پورے علاقے میں سنسنی پھیلا دی۔ میرا داتار نگر کے رہائشی نوجوان مستقیم عرف بابو کی خون آلود لاش بھکن شاہ بابا درگاہ کے عقب میں موتی باغ ناکہ، باغ محمود کے قریب عرفان چمڑے والے کے فارم ہاؤس کے آس پاس سے برآمد ہوئی۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق نوجوان کے سر پر کسی سخت اور لوہے کی چیز سے شدید وار کیے جانے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ واقعے میں مستقیم عرف بابو کی موت واقع ہوگئی۔ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر ضروری کارروائی کے لیے سول ہسپتال منتقل کیا، جبکہ قتل کی اصل وجوہات اور واردات کے پس پردہ محرکات کی تفتیش جاری ہے۔ذرائع اور سماجی کارکنوں کی جانب سے قتل کے پس منظر میں منشیات کی لت اور مبینہ ’ڈاگ پِل‘ (کتا گولی) کے کاروبار کا ذکر کیا جا رہا ہے۔ تاہم قتل کی حتمی وجہ پولیس تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی واضح ہوسکے گی۔ پولس مختلف پہلوؤں سے معاملے کی چھان بین کر رہی ہے۔

واردات کی اطلاع ملتے ہی چھاؤنی پولیس کی ٹیم، ایل سی بی اور دیگر پولیس اہلکار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ پولیس نے موقع کا معائنہ کرنے کے بعد شواہد اکٹھے کیے اور لاش کو ایمبولینس کے ذریعے سول ہسپتال منتقل کیا۔دوسری جانب مقتول کی شناخت اور اہلِ خانہ تک رسائی میں مقامی سماجی کارکنان خالد ایس کے، مشرف رنگاڑی، عارف بھائی، ستار بھائی اور دیگر افراد نے بھی تعاون کیا۔ مقتول کی تصویر سامنے آنے کے بعد اہلِ خانہ کا سراغ لگایا گیا۔

قتل کی اس سنگین واردات میں پولیس نے قابلِ ذکر تیزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گلشیر نگر کے عارف شیخ رؤف کو گرفتار کرلیا۔ ذرائع کے مطابق ملزم کو واردات کے تقریباً 12 گھنٹوں کے اندر پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا۔ چھاؤنی پولیس کے پی آئی، پی ایس آئی، ایل سی بی اور دیگر اہلکاروں کی مشترکہ کارروائی کو مقامی حلقوں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے۔

واقعے کے بعد ایک مرتبہ پھر مالیگاؤں میں بڑھتے ہوئے جرائم اور منشیات کے مبینہ کاروبار پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ شہری و سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ شہر میں منشیات اور نشہ آور ادویات کی دستیابی نوجوان نسل کے لیے انتہائی تشویشناک صورتحال پیدا کر رہی ہے۔عوام نے ایڈیشنل ایس پی اور ڈی ایس پی سے مطالبہ کیا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف مزید سخت اور مسلسل کارروائی کی جائے، تاکہ شہر میں منشیات کے پھیلتے جال کو توڑا جا سکے اور نوجوان نسل کو اس خطرناک دلدل سے بچایا جا سکے۔پولیس کی جانب سے بھی منشیات فروشوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی تیز کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ مستقیم عرف بابو قتل معاملے کی تفتیش میں مزید کیا انکشافات سامنے آتے ہیں اور اس واردات کے پسِ پردہ اصل وجہ کیا تھی۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.