مالیگاؤں: 25 ستمبر / مالیگاؤں شہر کی تعمیر و ترقی کو نئی سمت دینے کے عزم کے ساتھ 127 کروڑ روپے کی لاگت سے اہم راستوں کی سیمنٹ کانکریٹ سڑکوں کی تعمیر کا آغاز آج وزیر تعلیم دادا بھسے و میئر نسرین شیخ کے ہاتھوں نور باغ چوک میں منعقدہ افتتاحی تقریب سے کیا گیا۔اس موقع پر مہاراشٹر کے وزیر تعلیم داداجی بھسے نے کہا کہ مالیگاؤں کی ترقی، بنیادی سہولیات اور معیاری تعلیم کے لیے فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہونے دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے بنیادی مسائل، سڑکوں کی تعمیر، تعلیمی معیار میں بہتری اور طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔داداجی بھسے نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر میں معیار اور پائیداری پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے میونسپل کارپوریشن کے ذمہ داران کو ہدایت دی کہ سڑکوں کی تعمیر سے قبل زیرِ زمین ڈرینیج، پینے کے پانی کی پائپ لائنوں اور کیبل کے کام مکمل کیے جائیں، تاکہ نئی سڑکوں کی تعمیر کے فوراً بعد دوبارہ کھدائی کی نوبت نہ آئے اور سرکاری فنڈز و وقت کا ضیاع روکا جا سکے۔انہوں نے تعلیمی شعبہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں بنیادی تعلیم کے معیار کو بلند کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ان کے مطابق مہاراشٹر میں 2 کروڑ 10 لاکھ سے زائد طلباء اور تقریباً ساڑھے 7 لاکھ اساتذہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل اور سرکاری اسکولوں کا ایسا معیار بنایا جائے گا کہ والدین اپنے بچوں کو پرائیویٹ انگلش میڈیم اسکولوں کے بجائے سرکاری اسکولوں میں داخل کرانے کو ترجیح دیں۔اسکولوں کی بہتری کے لیے درکار فنڈز ریاستی حکومت کی جانب سے فراہم کیے جانے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی۔
اس تقریب سے سابق رکن اسمبلی و سیکولر فرنٹ کے قائد آصف شیخ نے کہا کہ مالیگاؤں کے میونسپل پرائمری اسکولوں کو جدید، معیاری اور ڈیجیٹل اسکولوں میں تبدیل کرنے کی کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ داداجی بھسے کی ہدایت پر شہر کے پرائمری اسکولوں کی حالت بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اسی سلسلے میں وفد اور آرکیٹیکٹ کی ٹیم نے بھیونڈی کا دورہ کرکے وہاں رکن اسمبلی رئیس شیخ کی جانب سے تیار کیے گئے ڈیجیٹل اسکولوں کا معائنہ کیا اور وہاں کی سہولیات کا جائزہ لیا۔آصف شیخ نے بتایا کہ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے مقرر کردہ آرکیٹیکٹس کے ذریعے اسکولوں کی بہتری کے لیے تجویز اور ڈی پی آر تیار کیا جا رہا ہے۔ آرکیٹیکٹ ٹیم کو 2 اکتوبر سے قبل ڈی پی آر تیار کرکے جنرل باڈی کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ جنرل باڈی سے منظوری کے بعد اسے نگر اتھان اسکیم کے تحت حتمی منظوری کے لیے ریاستی حکومت کو بھیجا جائے گا۔آصف شیخ نے کہا کہ سیکولر فرنٹ نے شہر کی ترقی کے حوالے سے جو وعدے عوام سے کیے تھے، انہیں مرحلہ وار عملی شکل دی جا رہی ہے۔ سڑکوں کی تعمیر، بنیادی سہولیات اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر بلا تفریق کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں، اپوزیشن کے مضبوط وارڈز، ندی کے پار اور مضافاتی علاقوں میں بھی ترقیاتی کام منظور کیے گئے ہیں۔آصف شیخ نے عوام سے اپیل کی کہ سڑکوں کی تعمیر کے دوران تعاون کریں اور جن راستوں پر ڈی پی روڈ کی تعمیر ہونی ہے، وہاں موجود تجاوزات کو رضاکارانہ طور پر ہٹا لیں تاکہ غیر ضروری توڑ پھوڑ سے بچا جا سکے اور سڑکوں کی تعمیر بہتر انداز میں مکمل ہو۔انہوں نے سڑک بننے کے فوراً بعد گاڑیوں کی آمدورفت شروع کرنے کے بجائے کیورنگ کے عمل میں تعاون کرنے کی بھی اپیل کی۔
سیکولر فرنٹ کے رہنما مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ فرنٹ نے کہا کہ ہم عوام سے جو وعدے کیے تھے، انہیں عملی شکل دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بہتر سڑکیں اور بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ شہر کے اہم راستوں کی تعمیر کا وعدہ پہلے دن سے کیا گیا تھا اور اب اس منصوبے پر عملی کام شروع ہو رہا ہے۔ انہوں نے اس جدوجہد کے لیے آصف شیخ کو مبارکباد پیش کی۔مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ بند راستوں کو کھول کر نئی سڑکیں تعمیر کرنے کا اعلان بھی زمین پر نظر آ رہا ہے۔ ان کے مطابق شہر کے تمام ڈی پی راستوں کی تعمیر کا منصوبہ ہے اور یہ کام رمضان المبارک سے قبل مکمل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔اس موقع پر اعجاز بیگ نے کہا کہ آصف شیخ کی کوششوں سے شہر میں مختلف ترقیاتی کام آگے بڑھ رہے ہیں۔ سیکولر فرنٹ کی جانب سے سڑکوں کے ساتھ ساتھ انڈر گراؤنڈ ڈرینیج فیز تھری اور نئے فلائی اوور کے لیے بھی مالیگاؤں سے ممبئی اور دہلی تک نمائندگی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 127 کروڑ روپے کے سیمنٹ کانکریٹ روڈ منصوبے کے لیے آصف شیخ نے حکمت عملی کے ساتھ بجٹ فراہم کرانے کی کوشش کی اور اب تعمیراتی کام شروع ہو رہا ہے۔
تقریب میں شکیل بیگ نے کہا کہ مالیگاؤں اور شمالی مہاراشٹر کے عوام کے لیے حج ہاؤس کی تعمیر کے سلسلے میں بھی آصف شیخ کی جانب سے 15 کروڑ روپے کے فنڈز حاصل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔شکیل بیگ نے بتایا کہ 127 کروڑ روپے سے جوسڑک تعمیر ہورہی ہے ان کے پہلے حصے میں نور باغ چوک والی سڑک،آگرہ روڈ سے طبیلے والا روڈ، اقصٰی کالونی تک روڈ کی تعمیر،نسیم سائزنگ کے پاس،سلامت آباد چوک، بنی عقیل مسجد پاور ہاؤس کے پاس جمعہ کو سڑک کی تعمیر کا آغاز کیا گیا جبکہ بروز سنیچر کو گاندھی نگر کپڑا مارکیٹ والی سڑک،اختر آباد عمرین چوک، امبیڈکر پتلے کے پاس سے شیواجی مہاراج مجسمہ تک، ہیرا لاج روڈ اور موسم ندی راستہ، دگڑو آئیل مل عائشہ مسجد والی روڈ کی تعمیر کی جارہی ہے ۔
یہاں مالیگاؤں کارپوریشن کے میونسپل کمشنر رویندر جادھو نے کہا کہ نئی باڈی کے قیام کے بعد سے آصف شیخ اور وہ ہر ہفتے ممبئی جاکر مالیگاؤں کی تعمیر و ترقی کے لیے نمائندگی اور کوششیں کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میئر، ڈپٹی میئر اور پوری میونسپل باڈی کی جانب سے بھی تعاون کیا گیا ہے۔
داداجی بھسے نے صحت کے شعبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سابقہ جائزہ میٹنگ کے بعد صحت کے شعبے میں اسٹاف اور ڈاکٹروں کی کمی کو دور کیا گیا ہے۔ انہوں نے میئر کے حوالے سے بتایا کہ مالیگاؤں کے واڈیا ہسپتال کا کام تقریباً مکمل ہو چکا ہے اور 2 اکتوبر، گاندھی جینتی کے موقع پر اس کا باقاعدہ افتتاح کیا جائے گا۔ ہسپتال کے فعال ہونے سے عام اور غریب شہریوں کو علاج کی سہولیات فراہم ہونے کی توقع ہے۔مقررین نے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے عوام، منتخب نمائندوں اور انتظامیہ کے درمیان تعاون کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ مالیگاؤں کو بنیادی سہولیات، بہتر سڑکوں، جدید اسکولوں اور بہتر صحتی نظام کے حوالے سے مزید آگے لے جانے کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔اس موقع پر وارڈ کے کارپوریٹرس عرفان علی ،فقیر محمد ۔نظیر پھلی والے ۔شکیل بیگ کی جانب سے آصف شیخ و میئر نسرین شیخ ،ڈپٹی میئر شان ہند ،اسٹینڈنگ چیئرمین اعجاز بیگ ،گٹ نیتا خالد حاجی ،گٹ نیتا مستقیم ڈگنیٹی کا استقبال کیا گیا جبکہ وزیر تعلیم دادا بھسے کا استقبال آصف شیخ نے کیا۔پروگرام کے بعد نور باغ چوک میں میئر و وزیر تعلیم کے ہاتھوں سڑک کی تعمیر کا آغاز کیا گیا۔
