مشہور خبریں

مالیگاؤں سیکولر فرنٹ چنکاپور اور تلواڑہ ڈیم سے ملنے والے پانی کے حق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریگا ، جنرل بورڈ میٹنگ میں 10 اسکولوں کی تعمیر و مرمت،پائپ لائن اور پولس چوکیوں کے قیام سمیت کئی اہم عوامی مسائل پر فیصلے متوقع ، چنکاپور ڈیم سے مالیگاؤں کے پانی کے کوٹے میں کوئی کمی نہیں،افواہوں پر دھیان نہ دیں : مستقیم ڈگنیٹی

مالیگاؤں: 12 نومبر / مالیگاؤں شہر کو چنکاپور ڈیم سے فراہم کیے جانے والے پانی کے کوٹے میں کمی کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مالیگاؤں سیکولر فرنٹ کے رہنما مستقیم ڈگنیٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پانی کی تقسیم سے متعلق افواہوں پر توجہ نہ دیں۔انہوں نے واضح کیا کہ مالیگاؤں کے لیے مختص 1400 ایم سی ایف ٹی پانی کے کوٹے میں کوئی کمی نہیں کی گئی ہے اور شہر کو حسبِ سابق پانی فراہم کیا جاتا رہے گا۔ موصوف آج منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے، جس میں انہوں نے چنکاپور اور تلواڑہ ڈیم کے پانی کی صورتحال کے ساتھ کل ہونے والی میونسپل کارپوریشن کی مہا سبھا کے اہم ایجنڈے پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی۔

مستقیم ڈگنیٹی نے پانی کی تقسیم کا شیڈول بتاتے ہوئے کہا کہ چنکاپور ڈیم سے مالیگاؤں کو معمول کے مطابق تین روٹیشن میں پانی فراہم کیا جائے گا۔ پہلا روٹیشن یکم دسمبر سے 14 دسمبر، دوسرا 13 فروری سے 26 فروری اور تیسرا روٹیشن 28 اپریل سے 12 مئی تک جاری رہے گا۔ چوتھا روٹیشن بارش کی صورتحال پر منحصر ہوتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ آئندہ سال ال نینو (El Niño) کے ممکنہ اثرات اور بارش میں تاخیر کے خدشے کے پیش نظر حکومت نے 31 اگست تک پانی کی فراہمی برقرار رکھنے کے مقصد سے صرف 10 فیصد پانی کی کٹوتی کی ہدایت دی ہے، تاہم اس کا مطلب مالیگاؤں کے مقررہ کوٹے میں کمی ہرگز نہیں ہے ۔

تلواڑہ ڈیم کی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ فی الحال ڈیم میں تقریباً 30 ایم سی ایف ٹی پانی موجود ہے اور وہاں سے روزانہ 20 ایم ایل ڈی پانی حاصل کیا جا رہا ہے۔اسی طرح گرنا ڈیم سے مالیگاؤں کو ملنے والا 945 ایم سی ایف ٹی پانی کا کوٹہ بھی معمول کے مطابق برقرار ہے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو پانی کی فراہمی کے معاملے میں کسی قسم کی تشویش میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔چنکاپور ڈیم سے پانی چھوڑنے اور شہر کے پانی کے حق سے دستبردار ہونے کے مطالبات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مستقیم ڈگنیٹی نے دوٹوک انداز میں کہا کہ جب تک میونسپل کارپوریشن میں مالیگاؤں سیکولر فرنٹ موجود ہے، چنکاپور اور تلواڑہ ڈیم سے ملنے والے پانی کے حق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومتی ضابطے (جی آر) کے مطابق کسی بھی ڈیم کے پانی پر سب سے پہلا حق پینے کے پانی کا ہوتا ہے،اس کے بعد صنعت اور زراعت کے لیے پانی کی فراہمی کا معاملہ آتا ہے۔چنکاپور سے تلواڑہ اور وہاں سے فلٹر پلانٹ تک پانی قدرتی بہاؤ یعنی گریویٹی کے ذریعے پہنچتا ہے، جو شہر کے لیے ایک اہم سہولت ہے۔لہٰذا مالیگاؤں اپنے اس حق سے دستبردار نہیں ہوگا، بلکہ شہر کی بڑھتی ہوئی آبادی کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل میں پانی کا کوٹہ بڑھانے کا مطالبہ کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ تلواڑہ ڈیم سے شہر تک نئی پائپ لائن بچھانے کا تقریباً 14 کلومیٹر کام مکمل ہو چکا ہے اور جلد ہی اس پائپ لائن کے ذریعے پانی کی فراہمی شروع ہونے کی امید ہے۔ اس منصوبے سے شہر کے آبی نظام کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔دوسری جانب کل ہونے والی میونسپل کارپوریشن کی مہا سبھا کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اجلاس میں شہر کی ترقی اور بنیادی سہولیات سے متعلق کئی اہم موضوعات ایجنڈے میں شامل ہیں۔ ان میں شہر کے 10 اسکولوں کی تعمیر و مرمت کی تجاویز کو منظوری دینا، 127 کروڑ روپے کے روڈ ٹینڈر والے علاقوں میں زیرِ زمین پانی کی پائپ لائن بچھانے کے لیے بجٹ مختص کرنا اور شہر میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے مختلف مقامات پر پولیس چوکیوں کے قیام کی غرض سے جگہ فراہم کرنے جیسے اہم معاملات شامل ہیں۔ خاص طور پر پوار واڑی کے 11 ہزار کالونی علاقے اور آگرہ روڈ سمیت دیگر مقامات پر پولیس چوکیوں کے لیے جگہ مختص کرنے کی تجاویز بھی اجلاس میں زیرِ غور آئیں گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان عوامی اہمیت کے حامل معاملات پر مثبت فیصلے ہوں گے۔
تین کارپوریٹروں کی رکنیت منسوخ کیے جانے سے متعلق شہر میں گردش کرنے والی خبروں اور قیاس آرائیوں پر وضاحت کرتے ہوئے مستقیم ڈگنیٹی نے کہا کہ میئر کی جانب سے بعض کارپوریٹروں کے نامناسب رویے کے تعلق سے حکومت کے پاس اعتراض ضرور درج کرایا گیا ہے،تاہم اس معاملے میں مہا سبھا کے اندر کوئی کارروائی خفیہ طور پر نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اگر یہ معاملہ ایوان میں پیش کیا جاتا ہے تو اسے باقاعدہ ایجنڈے پر لایا جائے گا اور تین چوتھائی اکثریت کے ذریعے ووٹنگ کے بعد ہی کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔ اس لیے اس معاملے پر پھیلائی جانے والی افواہوں سے گریز کیا جانا چاہیے۔سابق رکنِ کونسل سمیع اللہ انصاری کے انتقال کے باعث کل کی مہا سبھا ملتوی کیے جانے کے امکان سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ اجلاس کے انعقاد یا ملتوی کیے جانے کا حتمی فیصلہ میئر لیں گی۔ اس سلسلے میں ابھی کوئی حتمی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔پریس کانفرنس کے دوران مستقیم ڈگنیٹی نے مجموعی طور پر پانی کے معاملے میں شہریوں کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ مالیگاؤں کے آبی حقوق کا تحفظ کیا جائے گا اور ساتھ ہی کل کی مہا سبھا میں شہر کے تعلیمی، بنیادی ترقیاتی اور امن و امان سے متعلق مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.