مالیگاؤں : 7 نومبر / مالیگاؤں اور اطراف کے علاقوں میں سڑک حادثات کا سلسلہ تشویشناک صورتحال اختیار کرتا جا رہا ہے۔ آئے دن پیش آنے والے حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کے باوجود ٹریفک حفاظتی اصولوں پر عمل درآمد اور سڑکوں کی بہتری کے حوالے سے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔ اسی دوران جمعرات کے روز محض 12 گھنٹوں کے اندر پیش آنے والے دو الگ الگ سڑک حادثات میں تین افراد کی موت واقع ہونے کی اطلاع ہے۔ان حادثات میں دو افراد منماڑ روڈ پر جبکہ ایک نوجوان ممبئی اگرہ قومی شاہراہ پر پیش آنے والے حادثے کا شکار ہوا۔ ان واقعات نے شہر اور اطراف کے علاقوں میں غم و افسوس کی لہر دوڑا دی ہے۔
منماڑ روڈ پر بھیانک حادثہ، دو موٹر سائیکل سوار جاں بحق :
اطلاعات کے مطابق ایک دلخراش حادثہ منماڑ روڈ پر پیش آیا، جہاں ایولہ کے رہائشی دو افراد موٹر سائیکل پر سوار ہوکر مالیگاؤں سے اپنے شہر ایولہ کی جانب واپس جا رہے تھے۔ اسی دوران سامنے سے آنے والی ایک چھوٹی مال بردار گاڑی (ٹاٹا میٹاڈور) نے ان کی موٹر سائیکل کو زوردار ٹکر مار دی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ موٹر سائیکل پر سوار دونوں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت محمد حسن (49 سال) اور ظہیر الدین محمد امین کے طور پر بتائی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ان میں سے ایک متوفی کے گھر میں بیٹی کی شادی کی تیاریاں جاری تھیں، لیکن اچانک پیش آنے والے اس حادثے نے شادی کی خوشیوں کو ماتم میں تبدیل کر دیا۔
11 ہزار کالونی کے 25 سالہ نوجوان کی بھی موت :
دوسرا افسوسناک حادثہ رات کے وقت پیش آیا، جس میں مالیگاؤں کی 11 ہزار کالونی کے رہائشی 25 سالہ نوجوان ہاشم خان یاسین خان شدید زخمی ہوگئے۔حادثے کے فوراً بعد ایمبولینس کے ذریعے انہیں پہلے نجی اسپتال اور بعد ازاں سول اسپتال منتقل کیا گیا،جہاں ڈاکٹروں نے انہیں بچانے کی ہر ممکن کوشش کی، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئے۔ اس واقعے کے بعد اہل خانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔
حادثات کے بعد مقامی سماجی کارکنان شفیق اینٹی کرپشن ۔خالد ایس کے ،عارف ایا ممبر نے انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زخمیوں کی منتقلی، اسپتال میں ضروری کارروائیوں اور پولس سے متعلق قانونی مراحل کی تکمیل میں تعاون کیا۔ اس موقع پر خالد ایس کے، عارف اور ستار بھائی سمیت دیگر افراد نے اہل خانہ کی مدد کی اور ضروری کارروائیوں کے بعد لاشیں ورثاء کے حوالے کرنے میں تعاون کیا۔ان حادثات کے تناظر میں سماجی کارکنان اور ذمہ دار شہریوں نے موٹر سائیکل سواروں بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سفر کے دوران ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور معیاری ہیلمٹ کا لازمی استعمال کریں۔ان کا کہنا ہے کہ سڑک حادثات میں سر پر لگنے والی شدید چوٹیں اکثر جان لیوا ثابت ہوتی ہیں، اس لیے معمولی فاصلے کے سفر میں بھی حفاظتی تدابیر کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔نوجوانوں کو قومی شاہراہوں، پلوں اور مصروف سڑکوں پر خطرناک انداز میں ریلز بنانے اور ویڈیوز ریکارڈ کرنے سے بھی گریز کرنا چاہیے،کیونکہ چند لمحوں کی لاپروائی نہ صرف اپنی بلکہ دوسروں کی زندگیوں کو بھی خطرے میں ڈال سکتی ہے۔
دوسری جانب عوام نے منماڑ روڈ کی خستہ حالی اور زیرِ تعمیر سڑک کے کام میں تاخیر پر بھی شدید تشویش ظاہر کی ہے۔شہریوں کے مطابق سڑک پر موجود گڑھے، نامکمل تعمیراتی کام اور گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی آمدورفت حادثات کے خطرات میں اضافہ کر رہے ہیں۔ متعلقہ محکمہ تعمیرات عامہ اور نیشنل ہائی ویز اتھارٹی سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ سڑک کی فوری مرمت، توسیع اور تعمیراتی کام کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے، تاکہ شہریوں کو محفوظ آمدورفت کی سہولت میسر آسکے۔ضرورت اس بات کی ہے کہ انتظامیہ، ٹریفک پولیس اور متعلقہ محکمے سڑکوں کی بہتری کے ساتھ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔کیونکہ ہر حادثے کے بعد افسوس اور تعزیت کے بجائے ایسے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں جو آئندہ کسی گھر کے چراغ کو بجھنے سے بچا سکیں۔
