مشہور خبریں

دسویں کے طلبہ کا ڈر و خوف دور کرنے کی طرف پیش قدمی، SIO نے رہنمائی کا فریضہ انجام دیا

 


مالیگاؤں/ دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات طلباء و طالبات کے کریئر کا اہم موڑ ہوتے ہیں اس مرحلے پر ان کی مناسب وقت پر صحیح رہنمائی ضروری ہے۔ اس بات کے پیش نظر اسلام پسند طلبہ کی ملک گیر تنظیم اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (SIO) مالیگاؤں نے دسویں جماعت کے امتحانات سے قبل شہر کے اردو میڈیم ہائی اسکولوں کے طلبہ کے لئے "امتحان کا سامنا کیسے کریں؟" اس عنوان کے تحت کل بروز اتوار 26 فروری 2023 صبح ساڑھے دس بجے تا 2 بجے تک قلب شہر میں واقع اے ٹی ٹی ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کے مولانا آزاد ہال میں یک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا۔اس سیمینار میں دسویں جماعت کے اہم مضامین انگلش،میتھس،مراٹھی اور عربی کے پرچے سے متعلق رہنمائی کی گئی۔ ظاہر کردہ پروگرام کے مطابق برادر ابراہیم (سیکریٹری SIO مالیگاؤں) کی تلاوت و ترجمانی سے سیمینار کا آغاز ہوا۔ انگلش مضمون کی کوچنگ کا تجربہ رکھنے والے احسان الحق فیمس سر نے پیپر ٹائپ پیٹرن،سوالات و سرگرمیوں کی نہج،مارکنگ اسکیم اور اہم نکات کو PPT کے ساتھ پیش کیا۔ طلبہ کے بر وقت سوالات اور مشکلات کا آسان حل بتایا۔

جامعۃ الھدی ہائی اسکول کے میتھس کے تجربہ کار مدرس قاسم انصاری سر نے آسان اور فہم انداز میں الجبرا جیومیٹری ان دو مضامین کی مفصل انداز میں رہنمائی کی۔ آپ نے PPT کے ذریعے کم وقت میں پیپر کی تفصیلات، الجبرا جیومیٹری کے فارمولے،پیپر حل کرنے کا طریقہ،وقت کی تنظیم پر سیر حاصل گفتگو کی۔ مراٹھی جیسے اہم کمپوزٹ لازمی مضمون کی رہنمائی اے ٹی ٹی ہائی اسکول کے سپروائزر معین سر نے بہت ہی عمدہ طریقے سے کی۔ جامعۃ الھدی ہائی اسکول کے عربی اور اردو زبان کے معلم اور جماعت اسلامی ہند کے مقامی امیر مولانا عبدالعظیم فلاحی سر نے عربی مضمون سے متعلق بہت ہی آسان طریقے سے طلبہ کی رہنمائی کی۔ اس اہم سیمینار کے انعقاد کے لئے SIO مالیگاؤں کے تمام رفقاء نے مشترکہ طور پر محنت کی، ماہر اساتذہ کرام کا تعاون حاصل کیا، اسکول انتظامیہ،ہیڈ ماسٹر اور سرپرست والدین کے شکریہ کے ساتھ ساتھ تمام شریک طلباء و طالبات کو امتحان کے لئے نیک خواہشات پیش کیا گیا۔ آئندہ بھی طلبہ کے لئے کریئر گائیڈنس، شخصیت سازی کے لئے تنظیم پروگرام کرتی رہے گی۔ صدر و اراکین SIO مالیگاؤں ۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.