ڈنڈوری/ ڈنڈوری پولیس اسٹیشن میں ایک قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ ایک بیٹے نے اپنے باپ کے سر پر پھاوڑے سے وار کرقتل کر دیا ، قتل کی وجہ یہ بتائی گئی کہ والد نے اسے کھیت میں کام کرنے کے لیے کہا جس پر ناراض ہوکر بیٹے نے قتل کی واردات کو انجام دیا ۔ اس واردات کے بعد ملزم بیٹا فرار ہے ۔
ڈنڈوری تعلقہ کے نگڈول میں رہائش صاحب راؤ مرلی دھر ملسانے (55 سال) نے اپنے بیٹے پپو عرف ہیرامن صاحب راؤ ملسانے کو کھیت میں جا کر کام کرنے کو کہا۔ اس سے پپو کو غصہ آیا اور اس نے بغیر سوچے سمجھے اپنے والد صاحب راؤ ملسانے کے سر، پیٹھ، دائیں بازو اور دائیں ٹانگ پر پھاوڑے سے وار کر کے اسے شدید زخمی کر دیا۔ جس کے بعد شدید زخمی باپ کی موت واقع ہو گئی ۔
اس معاملے میں مقتول کے چھوٹے بیٹے گورکھ صاحب راؤ ملسانے نے اپنے بھائی پپو ملسانے کے خلاف قتل کی شکایت درج کرائی ہے ۔ ڈنڈوری پولیس نے پپو کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے ۔ اس کے علاوہ سب ڈویژنل پولیس افسرسوریاونشی کی رہنمائی میں پولیس انسپکٹر پرمود واگھ اور پولیس سب انسپکٹر مونیکا جیجوٹ مزید تفتیش کر رہے ہیں ، معلوم ہوکہ واردات کے بعد ملزم پپو ملسانے فرار ہو گیا ہے ، پولیس اس کی تلاش کر رہی ہے ۔

.jpeg)
