نئی دہلی : 5 جون / وزیر اعظم نریندر مودی نے آج (5 جون) کو وزیر اعظم کے عہدے کے ساتھ مرکزی کابینہ سے اپنا استعفیٰ صدر دروپدی مرمو کو سونپ دیا۔انہوں نے صدر سے 17ویں لوک سبھا کو تحلیل کرنے کی سفارش کی۔دریں اثنا، این ڈی اے نئی حکومت کی تشکیل پر تبادلہ خیال کے لیے 7 جون کو دہلی میں میٹنگ کرے گی۔
لوک سبھا انتخابات کے نتائج کی تصویر منگل کو واضح ہوگئی۔ بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے کو اکثریت حاصل ہے۔ آج (5 جون) وزیر اعظم نریندر مودی کی رہائش گاہ پر این ڈی اے کی میٹنگ ہوئی۔میٹنگ کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے راشٹرپتی بھون میں صدر دروپدی مرمو سے ملاقات کی۔ انہوں نے وزیر اعظم کے عہدے کے ساتھ مرکزی کابینہ سے بھی استعفیٰ دے دیا۔ صدر نے وزیر اعظم نریندر مودی کا استعفیٰ قبول کر لیا اور وزیر اعظم اور مرکزی کابینہ سے نئی حکومت کے قیام تک عہدے پر رہنے کی درخواست کی۔
17ویں لوک سبھا صدر کی منظوری سے تحلیل ہو جائے گی
منگل کو وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں مرکزی کابینہکی میٹنگ ہوئی۔اس میٹنگ میں 17ویں لوک سبھا کو تحلیل کرنے کی سفارش کی گئی۔ موجودہ 17ویں لوک سبھا کی میعاد 16 جون کو ختم ہو رہی ہے۔ صدر کے پاس لوک سبھا کو تحلیل کرنے کا حق ہے، لیکن صدر صرف وزیر اعظم یا مرکزی کابینہ کے مشورے پر ہی لوک سبھا کو تحلیل کر سکتے ہیں۔ اب کابینہ نے لوک سبھا کو تحلیل کرنے کی سفارش کی ہے اور صدر کی منظوری سے 17ویں لوک سبھا کو تحلیل کر دیا جائے گا۔
نئی حکومت کی تقریب حلف برداری 8 جون کو ہوگی ،
مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں لوک سبھا انتخابات کے نتائج اور بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے کے ایوان میں اکثریت حاصل کرنے کے بعد ممکنہ حکومت سازی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مودی حکومت کے دوسرے دور میں کابینہ کی یہ آخری میٹنگ ہے۔ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس 7 جون کو ہوگا اور نئی حکومت کی تقریب حلف برداری اگلے روز 8 جون کو ہوگی۔