ناسک روڈ / ناسک روڈ پولیس کی کرائم انویسٹی گیشن ٹیم نے ڈکیتی کی تیاری کرنے والے چار مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ ان کے پاس سے تقریباً 28 چاقو، درانتی، رسیاں اور دیگر سامان ضبط کیا گیا ہے۔ پولیس کی اس کارروائی پر شہریوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس کشور کالے نے بتایا کہ ناسک روڈ پولیس اسٹیشن کی کرائم انویسٹی گیشن ٹیم میں شامل پولیس افسر وشال پاٹل کو اطلاع ملی کہ آدھی رات کے قریب کچھ مشتبہ افراد پلسے گاؤں کے ٹیمبھی مالا کے رہنے والے دنیشور گیدھانی کے فارم میں ڈکیتی کی تیاری کر رہے ہیں ۔
کرائم انویسٹی گیشن ٹیم کے افسران اور ملازمین نے جائے وقوعہ پر جا کر آدھی رات کے قریب گیدھانی کے مکئی کے فارم میں مشتبہ افراد کی تلاشی لی تو پولیس نے روی کمار بھوئی، ممبئی کے کلیان سے شیوا وکرم ویدو اور ضلع جلگاؤں سے وشنو شنکر بھوئی اور آکاش گوپال ویدو کو اس وقت گرفتار کر لیا جب وہ فرار ہونے کی تیاری کر رہے تھے۔ ان کے ساتھ موجود شیام وشنو بھوئی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ۔
گرفتار افراد سے پوچھ گچھ کی گئی تو معلوم ہوا کہ وہ ڈکیتی کی تیاری کر رہے تھے جن میں 28 تیز دھار چاقو، ایک کوئتہ ، مرچی پاؤڈر اور کاٹن کی رسی شامل تھی۔ اس سلسلے میں ان کے خلاف ناسک روڈ پولس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے اور انہیں عدالت میں پیش کیا گیا تو انہیں تین دن کے لیے پولس ریمانڈ پر بھیج دیا گیا ہے۔
اس دوران شہریوں نے پولیس کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ کمشنر سندیپ کارنک، ڈپٹی کمشنر آف پولیس کشور کالے، اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس ڈاکٹر سچن باری کی رہنمائی میں سینئر پولس انسپکٹر جتیندر سپکالے، کرائم انویسٹی گیشن ٹیم کے اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر پروین سریاونشی، کرن کورڈے، پولیس سب انسپکٹر سندیپ پوار، اویناش دیورے، نتن بھامرے، مہیندر جادھو ، ارون گاڑیکر و دیگر شامل تھے۔ شہریوں نے پولیس کی اس کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔
