مالیگاؤں: 21 ستمبر / مالیگاؤں کے معروف تعلیمی ادارے جمہور ہائی اسکول کی سرپرست تنظیم انجمن تعلیم جمہور کی منیجنگ کمیٹی کے انتخابات اسکول کیمپس میں پرامن ماحول اور قانونی ضوابط کے تحت منعقد ہوئے۔ انتخابات کے دوران سال 2016 میں منظور شدہ بائی لاز (اسکیم) کے مطابق آئندہ پانچ سالہ مدت کے لیے نئی باڈی اور اراکین کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔ ناسک سے تشریف لائے آفیشل آبزرور کی موجودگی میں تمام قانونی تقاضوں کی تکمیل کے بعد انتخابی عمل مکمل کیا گیا۔اس طرح کی تفصیلات مستقیم ڈگنیٹی و ایڈوکیٹ عبدالعظیم خان نے دی ۔انہوں نے بتایا کہ انتخابی اجلاس کے دوران جنرل باڈی کے اراکین نے متفقہ طور پر ساجدہ نہال احمد کو آئندہ پانچ سالہ مدت کے لیے انجمن تعلیم جمہور کی صدر (چیئرمین) منتخب کیا۔ ان کے علاوہ منیجنگ کمیٹی کے دیگر چار اراکین کے طور پر شانِ ہند نہال احمد، محمد مستقیم محمد مصطفیٰ (مستقیم ڈگنیٹی)، عبدالشاکر عبدالشکور اور شاہد احمد عبدالغنی کو منتخب کیا گیا۔نو منتخب صدر اور منیجنگ کمیٹی کے اراکین نے ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد ادارے کی تعلیمی ترقی، انتظامی امور اور تعلیمی خدمات کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
انتخابی عمل کی تکمیل کے بعد صحافیوں اور اراکین سے گفتگو کرتے ہوئے تنظیم کے نمائندوں نے مخالف گروپ کی جانب سے منعقد کی جانے والی متوازی میٹنگوں اور میڈیا میں شائع ہونے والے دعوؤں پر اپنا موقف پیش کیا۔ نمائندوں کے مطابق مخالف گروپ کی متوازی میٹنگوں کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔انہوں نے بتایا کہ انتخابی اجلاس سے 11 دن قبل انجمن تعلیم جمہور کے تمام 52 اراکین، بشمول مخالف گروپ کے اراکین، کو رجسٹرڈ پوسٹ کے ذریعے اجلاس کا ایجنڈا ارسال کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ اجلاس کا نوٹس اسکول کے نوٹس بورڈ پر بھی آویزاں کیا گیا تھا۔تنظیم کے نمائندوں نے مزید کہا کہ چیریٹی کمشنر اور ہائی کورٹ میں پیش کی گئی تفتیشی رپورٹس میں موجودہ انتظامیہ کے دائرۂ اختیار اور کام کاج کی توثیق کی جا چکی ہے۔ ان کے مطابق نو منتخب منیجنگ کمیٹی کی چینج رپورٹ (تبدیلی کی رپورٹ) جلد ہی چیریٹی کمشنر کے دفتر میں داخل کی جائے گی۔انتخاب کی تکمیل کے بعد انجمن تعلیم جمہور کی نئی انتظامیہ کے سامنے ادارے کے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے، انتظامی امور کو آگے بڑھانے اور طلبہ کے مفاد میں تعلیمی خدمات کو مزید مستحکم کرنے کی ذمہ داریاں ہوں گی۔
