ناگپور/ ناگپور سے ایک چونکا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔
اس واقعہ کی وجہ سے پورے ناگپور میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق تینوں بچوں کی موت گاڑی میں دم گھٹنے سے ہوئی ہے۔ تینوں بچے 17 جون کی دوپہر سے لاپتہ تھے۔ لیکن اب ان کی موت کے بعد اس معاملے کی سنگینی بہت بڑھ گئی ہے۔
تین بچے توفیق فیروز خان (4سال)، عالیہ فیروز خان (6سال) اور آفرین ارشاد خان (6سال) سنیچر کی دوپہر ٹیکا ناکہ کے فاروق نگر گراؤنڈ میں کھیلتے ہوئے اچانک لاپتہ ہوگئے تھے ۔ کافی دیر تک بچے واپس نہ آنے پر لواحقین نے ان کی تلاش شروع کردی۔ بچوں کے نہ ملنے پر پاچپاولی پولس اسٹیشن میں گمشدگی کی شکایت درج کرائی گئی۔ پولیس نے معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے بچوں کی تلاش شروع کردی تھی ۔
موصول ابتدائی معلومات کے مطابق اتوار کی شام 7 بجے کے قریب جب سرچ آپریشن جاری تھا، اسی دوران لوگ کار کے پاس سے گزر رہے تھے کہ انہیں وہاں کھڑی کار سے بدبو آئی ۔ اس کے بعد جب گاڑی کو کھولا گیا تو تین بچوں کی لاشیں برآمد ہوئی ۔ بچوں کی لاشوں کی اطلاع فوری طور پر پاچپاولی پولیس کو دی گئی۔ اطلاع ملتے ہی پولس کمشنر امیتیش کمار کے ساتھ بڑی تعداد میں پولیس اہلکار وہاں پہنچ گئے ۔
معلوم ہوکہ کار بگڑی ہوئی تھی او پچھلے کئی دنوں سے وہاں کھڑی تھی۔ کار کے دروازے بھی خراب تھے ، جس علاقے میں یہ واقعہ پیش آیا وہ بنکروں کا علاقہ ہے۔ جاں بحق بچوں کے والدین بھی بنکر ہیں۔ اگرچہ بچوں کی موت دم گھٹنے سے ہوئی تاہم پولیس نے اغوا کی دفعہ اور قلم 174 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے ، مزید تفتیش جاری ہے ۔
پولس کمشنر امیتیش کمار نے کہا 'کھیلتے ہوئے بچوں نے گاڑی کا دروازہ اندر سے بند کر دیا ہو گا اور پھر اندر سے دروازہ نہیں کھول سکے ہونگے ، جوس کی وجہ سے تینوں بچوں کی دم گھٹنے سے موت ہو گئی ہوگی ، جاں بحق ہونے والوں میں بہن بھائی توفیق اور عالیہ شامل ہیں جبکہ آفرین ان کے ساتھ ہی رہتی تھی۔ تاہم اس معاملے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی ۔


