مالیگاوں: 15 اگست یوم آزادی کے موقع پر شہر عزیز کی اقصیٰ کالونی میں واقع گلوریئس اکیڈمی میں ایک باوقار تقریب بنام سولار ٹیکنیشن اور سولار اینرجی سیمینار کاانعقاد کیا گیا، پروگرام کی صدارت اکیڈمی کے روح رواں جناب ڈاکٹر محمد مصطفی انصاری نے کی اور مہمان و مقرر خصوصی جناب مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب نے اپنی موجودگی سے پروگرام کو جلا بخشی۔۔علاقے کی معروف شخصیات رونق اسٹیج تھیں ۔۔پروگرام کا آغاز حافظ *۔۔۔۔* کی قرات سے ہوا، اغراض ومقاصد بیان کرتے ہوئے اکیڈمی کے رکن ڈاکٹرحافظ محب الرحمٰن نے کہا کہ اکیڈمی نے نئے حوصلوں کے ساتھ نرسری اسکول،کوچنگ کلاس کے بعد جو سولار ٹیکنیشن کورس جاری کیا ہےاسکے فارغین کی حوصلہ افزائی اور سیمینار کے ذریعے تیکنیکی نقاط پر سولار انرجی کی افادیت کو حاضرین کے سامنے لانا ہے۔موصوف نے اکیڈمی کے آئندہ عزائم پر بھی روشنی ڈالی۔
اکیڈمی کے ڈائریکٹر جناب پروفیسر حبیب الرحمٰن سر (M.tech، Ph.d) نے سولار انرجی سسٹم کی اہمیت اور عصر حاضر میں اسکے ذریعے مالیگاؤں میں چلائے جانے والے بڑے پروجیکٹ مثلاً سائزنگ اور کارخانوں کی مثال بتا کر بہت سارے شکوک و شبہات کو دور کیا۔موصوف نے اکیڈمی کا نعرہ دیا کہ ہمارا مقصد نرسری سے نوکری تک اور ہنر سے روزگار تک رہنمائی ہے۔شہر میں جاری نوجوانوں کی بے روزگاری اور بے راہ روی کو دور کرنے کی اکیڈمی کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ سولارٹیکنیشن کورس میں علماءوحفاظ کے لئے خاص سہولت دی جارہی ہے۔ساتھ ہی مالیگاؤں میں کامیابی کے بعد اب اورنگ آبادمیں بھی کلاس جاری ہونےکا اعلان کیا۔
عبداللہ سر نے سولار انرجی کی معلومات کے ساتھ ڈیمو کے طور پر دو سولار پلیٹ کے ذریعے اسکے کام کرنے کا بہترین لائیو مظاہرہ حاضرین کے سامنے پیش کیا , مقرّر خصوصی جناب مولانا عمرین محفوظ رحمانی صاحب نے قرآن و حدیث کی روشنی میں انبیاء وصحابہ کا ہنرمند ہونا اورشریعت میں ہنرمند افراد کی افادیت کواپنے مخصوص انداز میں بیان فرمایا۔موصوف نے کہا کہ ہنرمند انسان دنیا کے کسی بھی علاقے میں اجنبی نہیں ہوتا۔طلباء کو نصیحت فرماتے ہوئے کہا کہ دنیا کے حالات سے ظاہر ہورہا ہےکہ سولار انرجی کچھ ہی عرصے میں زندگی کا ایک جز لاینفک ہونے جا رہا ہے اور اُس وقت آپکو احساس ہوگا کہ آپ نے کتنا اہم فن و ہنر حاصل کیا ہے۔حضرت مولانا کے ہاتھوں شجرکاری بھی کی گئی۔موصوف نے گلوریئس اکیڈمی کے اقدام ومقاصد پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے نیک خواہشات سے نوازا۔حافظ و عالم خلیل سر نے اپنے بہترین انداز میں نظامت وشکریہ کے فرائض انجام دئے۔