ناسک/ تقریباً ایک ہفتہ قبل شہر کے امبڑ علاقے میں ایک واقعہ پیش آیا جہاں چار سے پانچ نوجوانوں نے صرف 10 سے 12 سیکنڈ میں تیز دھار ہتھیاروں سے 26 وار کرتے ہوئے ایک نوجوان کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ اس کے بعد جمعرات (24 اگست) کو ایک بار پھر پرانے سڈکو علاقہ کے شیواجی چوک شاپنگ سنٹر میں ایک سبزی فروش کو 6 نامعلوم افراد نے تیز دھار ہتھیار سے وار کر کے قتل کر دیا ۔
قتل کے ان پے در پے واقعات کے باعث شہریوں میں خوف کی فضا پھیل گئی ہے ۔ اس طرح ایک بار پھر ناسک شہر کے گنگاپور پولیس اسٹیشن کی حدود میں ایک واقعہ پیش آیا ہے جہاں معمولی جھگڑے کی وجہ سے ایک نوجوان کو دو افراد نے قتل کر دیا۔ قتل مسلسل واقعات سے ناسک شہر ہل گیا ہے اور اس ہفتے میں قتل کا یہ تیسرا واقعہ ہے ۔
اس سلسلے میں مزید معلومات یہ ہے کہ آج (27 اگست) جس نوجوان کا قتل ہوا اس کا نام وشوناتھ سوناونے پاٹل (26 سال) ہے۔ کل رات شراب پارٹی کے دوران دوستوں میں معمولی بات پر جھگڑا ہوا۔ اس تنازعہ میں شمشیر شیخ اور دیپک سونونے دونوں نے وشوناتھ پاٹل پر حملہ کیا اور اس کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔
اس کے بعد دونوں مشتبہ ملزمان نے قتل کی واردات کو فرضی طور پر حادثہ بتاتے ہوئے مقتول کو ضلع اسپتال میں داخل کروانے کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی۔ تاہم ہسپتال میں پولیس کی ڈیوٹی پر موجود پولیس کو شک ہوا اور دونوں ملزمان کو حراست میں لے لیا۔
اس دوران ضلع اسپتال میں ڈیوٹی پر موجود پولیس نے جب ان دونوں سے پوچھ گچھ کی تو انہوں نے شروع میں مبہم جوابات دئیے۔ اس کے بعد پولیس کو شک ہونے پر انہوں نے دونوں مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر گنگاپور پولیس کے حوالے کر دیا۔ جس کے بعد سارا معاملہ سامنے آیا ۔