مشہور خبریں

لاپتہ 6 سالہ محمّد حنان کی لاش پڑوسی کے مکان سے مشتبہ حالت میں برآمد ، علاقے میں کشیدگی ،محکمہ پولیس کے اعلی افسران و فارنسک ٹیم موقع پر موجود ،بچے کی موت قتل ۔۔۔؟ پڑوسیوں میں آپسی جھگڑا یا اور کچھ ۔۔۔۔۔؟ تفتیش جاری


جلگاؤں / جلگاؤں ضلع کے یاول شہر کے بابوجی پورہ علاقے میں جمعہ کی شام سے لاپتہ چھ سالہ لڑکے کی لاش سنیچر کو پڑوسی کے گھر کے ایک کمرے سے مشتبہ طور پر ملی ،  اس افسوسناک خبر کے سامنے آنے کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد علاقے میں جمع ہو گئی۔ موقع پر موجود ہجوم نے مشتبہ شخص کی دکان پر پتھراؤ کیا۔ جس کے بعد علاقے کی دکانیں آناً فاناً بند کر دی گئیں ۔

عین گنیش وسرجن کے دن کشیدہ صورتحال کو قابو میں لانے کے لیے پولیس نے فسادات پر قابو پانے والی ٹیم کو طلب کیا ، محمد حنان خان ماجد خان ولد ماجد خان جناب ساکن بابوجی پورہ علاقہ جمعہ کی شام تقریباً 6 بجے سے لاپتہ تھا۔ گھر والوں اور رشتہ داروں نے اسے جگہ جگہ تلاش کیا۔ انہوں نے ہر جگہ استفسار کیا۔ تاہم اس کا کہیں سراغ نہیں ملا۔  سنیچر کی صبح دوبارہ تلاش شروع کرنے کے بعد بالآخر اس کی لاش پڑوس میں رہائش بسم اللہ خلیفہ کے دو منزلہ مکان کی بالائی منزل پر ایک کمرے سے مشکوک حالت میں ملی ۔

بچے کی افسوسناک موت کی خبر یاول شہر میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔ تھوڑی ہی دیر میں جائے وقوعہ پر لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہو گئی۔ کشیدہ صورتحال پر قابو پانے کے لیے حاجی شبیر خان ، سب ڈویژنل پولیس آفیسر انیل بڈگجر ، پولیس انسپکٹر رنگناتھ دھرباڑے ، شرد کولی ، اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر اجے وادھو، سب انسپکٹر انیل مہاجن ، ایم جے شیخ، ایاز خان اور مسلم کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات نے بھیڑ کو منانے کی کوشش کی۔ تاہم مشتعل شہریوں نے مین روڈ پر باری چوک کے قریب ایک دکان پر پتھراؤ کیا۔ اس واقعہ کے بعد تاجروں نے احتیاطی تدابیر کے طور پر اپنی دکانیں بند کر دیں۔ صورتحال کو مزید بگڑنے سے روکنے کے لیے فوری طور پر فسادات پر قابو پانے والی ٹیم کو بلایا گیا۔ فارنسک ٹیم کو بھی جائے وقوعہ پر طلب کر لیا گیا ۔ اس واقعہ کے بعد یاول شہر میں اس وقت تناؤ کا ماحول ہے، اور بابوجی پورہ علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے ۔ اس معصوم کے قتل کو لیکر طرح طرح کی افواہ کا بازار گرم ہے ، حقیقت کا پتہ پولیس تفتیش کے بعد ہی چل سکے گا ۔ تادم تحریر پولیس قانونی کاروائی میں مصروف ہیں ۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.