سماج وادی کا گوبر مار تحریک معاملہ : سماج وادی کے 2 ورکر گرفتار ، 2 دنوں کی پولیس کسٹڈی
0
اکتوبر 07, 2025
مالیگاؤں : 7 اکتوبر / سماج وادی پارٹی کی گوبر مار تحریک میں آئی شدت اور مارپیٹ کی واردات کے بعدسماج وادی پارٹی کی جانب سے اقدام قتل کا مقدمہ درج ہونے کے بعد اعجاز بیگ کی جانب سے بھی آزاد نگر پولس اسٹیشن میں درج گناہ رجسٹرڈ نمبر 155 کے مطابق 324 اور 394 سمیت مختلف دفعات کے تحت سماجوادی پارٹی کے بارہ سے زائد ورکروں پر مقدمہ درج کیا گیا تھا، اس معاملے میں سماجوادی پارٹی کے چار اور کانگریس پارٹی کے دو ورکر زخمی ہوئے تھے ۔ اس ضمن میں پولس نے سماجوادی پارٹی کے دو ورکروں کو گرفتار کیا ۔ ان میں شکیل بازیگر اور ملک منظر شامل ہیں ۔ آج انہیں مقامی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں معزز جج نے پولس اور دفاعی وکلاء کی دلیل سننے کے بعد انہیں پولس تحویل میں رکھے جانے کا حکم دیا اس طرح کی تفصیلات ایڈوکیٹ توصیف شیخ نے دی ۔ انہوں نے بتایا کہ پولس نے معزز عدالت سے پانچ دنوں کی پولس تحویل کا مطالبہ کیا تھا لیکن ہم نے عدالت کو بتایا کہ ملزم نمبر 6 شکیل بازیگر اور ملزم نمبر 8 ملک منظر موقع پر موجود تھے لیکن انہوں نے کوئی غیر قانونی کام انجام نہیں دیا اور نہ ہی کسی حملہ میں شامل ہوئے اسکی تحقیقات پولس کر سکتی ہیں اس لئے ان ملزمین کو پولس تحویل کی ضرورت نہیں ہے ۔ وہیں پولس نے عدالت سے کہا کہ ہمیں ملزمین سے کٹر، ڈنڈا وغیرہ ہتھیار ضبط کرنا ہے ۔ اس لئے پانچ دنوں کی پولس تحویل دی جائے ۔ دونوں جانب کی دلیل سننے کے بعد عدالت نے دو دنوں کی پولس تحویل میں رکھے جانے کا حکم دیا ہے ۔ اس طرح کی معلومات بھی سماجوادی پارٹی کے ایڈوکیٹ توصیف شیخ نے دی ہے ۔
