مشہور خبریں

جامعہ محمدیہ منصورہ کیمپس کے زیرِ اہتمام قائم آفاق اکیڈمی میں آج سالانہ اسپورٹس ویک کا شاندار اور پُروقار آغاز ،


مالیگاؤں  : ( پریس ریلیز ) جامعہ محمدیہ منصورہ کیمپس کے زیرِ اہتمام قائم آفاق اکیڈمی میں آج سالانہ اسپورٹس ویک کا شاندار اور پُروقار آغاز عمل میں آیا ۔ اس موقع پر ایک باوقار افتتاحی تقریب منعقد کی گئی، جو الجامعہ محمدیہ ایجوکیشن سوسائٹی کے چیئرمین ارشد مختار صاحب کی ایماء پر آفاق اکیڈمی منصورہ کے پرنسپل نوید انصاری سر کی نگرانی میں منعقد ہوئی، جبکہ تقریب کی صدارت مولانا مختار احمد ندوی ٹیکنیکل کیمپس کے پرنسپل ڈاکٹر عقیل احمد شاہ سر نے فرمائی۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد معزز مہمانان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر اسکول کے چاروں ہاؤسز کے طلبہ نے مختلف کھیلوں کی شاندار جھلکیاں پیش کیں۔ مارچ پاسٹ، ڈرل اور کراٹے کے منظم اور دیدہ زیب مظاہروں نے حاضرین کو بے حد متاثر کیا، جبکہ طلبہ کی نظم و ضبط اور مہارت کو خوب سراہا گیا۔

صدرِ جلسہ ڈاکٹر عقیل احمد شاہ سر نے اپنے خطاب میں کھیل کود کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اسپورٹس نہ صرف جسمانی صحت کو بہتر بناتے ہیں بلکہ زندگی کو نظم و ضبط، صبر اور محنت کے ساتھ گزارنے کا شعور بھی عطا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں سے وابستہ طلبہ عملی زندگی میں بھی کامیابی کے بہتر مواقع حاصل کرتے ہیں۔ اس موقع پر سی ایچ او عدیل انصاری سر نے چیئرمین ارشد مختار صاحب کی جانب سے اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسپورٹس ویک جیسے پروگرام طلبہ میں خود اعتمادی، نظم و ضبط اور ٹیم ورک کے جذبے کو فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے منتظمین، اساتذہ اور طلبہ کی محنت کو سراہتے ہوئے اس شاندار انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور طلبہ کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ اس اسپورٹس ویک کی کامیابی میں اسکول کے اساتذہ اور نان ٹیچنگ اسٹاف نے قابلِ ستائش کردار ادا کیا۔ بالخصوص عارف حسین سر، افتخار سر، یاسین سر، کاشف شیخ سر اور فزیکل ٹیچر عبداللہ انصاری سر نے کھیلوں کے بہترین انتظامات کرتے ہوئے طلبہ کی بھرپور رہنمائی کی۔ آخر میں صدرِ جلسہ کے ہاتھوں ربن کاٹ کر اسپورٹس ویک کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا۔ افتتاحی مقابلہ جونیئر فٹ بال ٹیموں کے درمیان سفائر (یلو ہاؤس) اور روبی (ریڈ ہاؤس) کے مابین کھیلا گیا۔ ٹاس صدرِ جلسہ نے کروایا، جبکہ سنسنی خیز مقابلے میں سفائر ہاؤس نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔ میچ کے اختتام پر مہمانانِ خصوصی نے تمام کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.