ناسک / ایچ ڈی ایف سی بینک کے ایک سابق ملازم نے کھاتہ داروں کے کریڈٹ کارڈ پر موبائل نمبر اور ای میل آئی ڈی تبدیل کر کے بینک اور کھاتہ داروں کو دھوکہ دیتے ہوئے بل ادا کیے بغیر اس کریڈٹ کارڈ کے ذریعے تقریباً 28 لاکھ روپے کا لین دین کیا ۔
اس سلسلے میں مزید معلومات یہ ہیں کہ گھوٹی میں ایچ ڈی ایف سی برانچ کے ایک سابق ملازم نے یہ حرکت کی ہے اور اس معاملے کے علم میں آنے کے بعد موجودہ برانچ منیجر نے سابق ملازم کے خلاف گھوٹی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی ہے۔ گھوٹی پولیس کی ایک ٹیم اس معاملے کی جانچ کے لیے ممبئی گئی ہے ۔
گھوٹی میں ایچ ڈی ایف سی برانچ کے برانچ منیجر وشال رام راؤ ہرداس ساکن ناسک نے گھوٹی پولس اسٹیشن میں درج کرائی گئی شکایت میں کہا کہ سابق ملازم سوپنل راجن ناندے نے فروری 2021 سے 27 جولائی 2023 تک بینک میں کام کرتے ہوئے کچھ کھاتہ داروں نے اپنے کریڈٹ کارڈ سوپنل ناندے کو بند کرنے کے لیے دیے تھے ۔ اس وقت اس نے یہ کریڈٹ کارڈ پر موبائل نمبر اور ای میل آئی ڈی کو تبدیل کرکے ایچ ڈی ایف سی بینک اور کھاتہ داروں کو دھوکہ دیتے ہوئے مذکورہ کریڈٹ کارڈ کے ذریعے 28 لاکھ، 27 ہزار روپے کا لین دین کرتے ہوئے بل ادا نہیں کیا ۔ اس معاملے میں گھوٹی پولیس نے منیجر کی شکایت پر سابق ملازم کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے ،
دریں اثنا، اس معاملے میں اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر سندیش پوار، اے پی آئے آواری، سب انسپکٹر انیل دھومسے گھوٹی پولیس اسٹیشن کے پولس انسپکٹر ونود پاٹل کی رہنمائی میں مزید تفتیش کر رہے ہیں۔