مالیگاؤں : 22 ستمبر / آج رات ایک بجے کے درمیان عائشہ نگر پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع نیا اسلامپورہ اقبال ڈابی کے پاس درد ناک واردات انجام دی گئی جس میں ایک پاورلوم مزدور پر تیز دھار ہتھیار سے کئی وار کرتے ہوئے اسے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا ۔
ذرائع سے ملی تفصیلات کے مطابق نیا اسلامپورہ میں اقبال ڈابی کے پاس واقع ایک پاورلوم کارخانے میں پاورلوم چلانے والا مزدور محمّد متین ساکن عدو مقادم چوک رمضانپورہ اپنے کارخانے سے چائے پینے کی غرض سے ہوٹل پر جارہا تھا کے اسی دوران 2 نامعلوم افراد آئے اور اسکا موبائل چھین کر فرار ہوگئے ، اس بعد محمّد متین واپس اپنے کارخانے جارہا تھا کے تبھی یہ دونوں نامعلوم افراد واپس آئے اور اسکے پیٹ پر پے در پے تیز دھار ہتھیار سے وار کرتے ہوئے فرار ہو گئے ، اس دوران محمّد متین زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جگہ پر ہی جاں بحق ہوگیا ، قتل کی واردات کی خبر ملتے ہی عائشہ نگر پولیس عملہ نے موقع پر پہونچ کر پنچ نامہ کر لاش کو سول اسپتال روانہ کیا ، کیا یہ قتل کی واردات لوٹ کا حصہ تھی ۔۔۔۔؟ کیا قتل کی واردات کو انجام دینے والے دونوں نامعلوم افراد سے مقتول کا کوئی تنازعہ تھا ۔۔۔۔؟ کیا یہ قتل کی واردات پلاننگ کے تحت کی گئی ۔۔۔۔؟ ان جیسے کئی سوالوں سے پردہ پولیس تفتیش کے بعد ہی اٹھے گا ، تادم تحریر عائشہ نگر پولیس اس واردات کی باریک بینی سے تفتیش کررہی ہے ۔