پالگھر / پالگھر تعلقہ کے دھنسار کاشیپاڑہ میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے۔ نوراتری تہوار کے دوران چکن لالی پاپ مانگنے پر ایک ماں نے اپنے دو بچوں کو لاٹھی سے بری طرح پیٹا ۔ اس مار پیٹ میں سات سالہ چنمے گنیش گھمڈے نامی بچے کی موقع پر ہی موت ہوگئی اور اس کی بڑی بہن شدید زخمی ہوئی ہے ۔ واقعہ سے علاقے میں کہرام مچ گیا ہے ۔
پولیس نے متوفی بچے کی ماں پلوی گھمڈے (40سال) کو گرفتار کر لیا ہے۔ پلوی اور اس کے شوہر گنیش گھمڈے اصل میں بھیندر میں رہتے تھے۔ گنیش روزی کمانے کے لیے رکشہ چلاتا تھا۔ نظریاتی اختلافات کی وجہ سے میاں بیوی کے درمیان ہمیشہ جھگڑا رہتا تھا اور اسی وجہ سے پلوی پانچ ماہ قبل اپنے شوہر سے الگ رہنے لگی تھی۔ وہ اپنی بہن کے ساتھ رہتی تھی اور ایک کمپنی میں کام کرتی تھی۔ خاتون نوراتری کا روزہ رکھ رہی تھی۔ بچوں نے چکن لالی پاپ کھانے پر اصرار کرنے لگا جس سے تنگ آکر مشتعل خاتون نے بچوں کو ڈنڈے سے مارا۔ جس میں ایک بچہ جگہ پر ہی فوت ہوگیا۔
اس دوران بتایا گیا ہے کہ جب بچے اصرار کرتے تو والدین دونوں انہیں مارتے وقوعہ کے روز دونوں بچوں نے چکن لانے کا مطالبہ کیا۔ تاہم اس معمولی وجہ سے ناراض ہونے والی پلوی نے کچن سے چھڑی اٹھائی اور بچوں کی پٹائی کی۔ اس میں سات سالہ چنمے کے سر میں شدید چوٹ لگی اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ تاہم اس کی بڑی بہن شدید زخمی ہے اور اس کا علاج جاری ہے۔ جیسے ہی یہ واقعہ سامنے آیا، پولیس موقع پر پہنچی اور پلوی کو گرفتار کرلیا۔ فی الحال پالگھر پولیس معاملے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔ ماں کے اس سنگدلانہ فعل سے پورے علاقے میں غم وغصہ کی فضاء پیدا ہو گئی ہے۔
