کلیان / ایک چونکا دینے والا واقعہ اتوار (29) کی صبح پارنیر ، نگر - کلیان شاہراہ پر ڈھوکی کے مقام پر دھرم بستی میں پیش آیا جہاں باجری کے دانوں کو محفوظ کرنے کے لیے استعمال ہونے والے سیلفاس پاؤڈر کی بدبو سے دو بچوں کی موت ہو گئی ۔ اس واقعہ میں مرنے والے بچوں کی ماں سونالی وٹھل دھرم (عمر 25سال) بھی بیہوش ہوگئیں۔ وہ نگر کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں زیر علاج ہے ۔ مرنے والے بچوں میں ہرشل وٹھل دھرم (عمر 5 ماہ) اور نائتک وٹھل دھرم (عمر 5 سال) شامل ہیں۔
موصولہ اطلاع کے مطابق، کسان وٹھل دھرم نے جمعرات کی رات جوار کو کیڑوں سے متاثر ہونے سے بچانے کے لیے اناج کی بوری میں سیلفوس پاؤڈر ڈالا تھا۔ جمعہ سے اس خاندان کے بچے اور ماں دونوں کو متلی اور الٹی کی شکایت شروع ہوگئی۔ انہیں اتوار کی صبح طبیعت بگڑنے پر ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ تاہم دونوں بچوں کی حالت تشویشناک ہونے پر انہیں ڈسٹرکٹ گورنمنٹ اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں علاج کے دوران ان کی موت ہوگئی۔
لاشوں کا پوسٹ مارٹم کیا گیا :
اس واقعہ سے ناراض رشتہ داروں اور گاؤں والوں نے اتوار کی شام ساڑھے چار بجے نگر کلیان ہائی وے کو بلاک کر دیا۔ اس کے بعد انہوں نے ٹاکلی ڈھوکیشور میں زرعی مرکز کے سامنے ایک گھنٹے تک احتجاج کیا۔ اس دوران علاقے میں کشیدگی کا ماحول بن گیا تھا۔ پولس انسپکٹر سمیر باراوکر، اسسٹنٹ پولس انسپکٹر نتن کھنڈاگلے، اسسٹنٹ فوجدار گنیش ڈہالے، پولس کانسٹیبل مچیندر کھمنار، ساگر دھومل نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور لواحقین سے بات چیت کی اور حالات کو قابو میں کیا۔ پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔
اس واقعے نے اناج ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال ہونے والے کیمیکل پاؤڈر کی حفاظت پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں اور پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔
مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ :
ڈھوکی گاؤں والوں نے اتوار (28 ستمبر ) کی شام سوگوار ماحول میں متوفی نائتک اور ہرشد کی آخری رسومات ادا کیں ۔ اس سے قبل گاؤں والوں نے دونوں بچوں کی لاشوں کو زرعی خدمت مرکز کی دکان کے سامنے رکھ کر اپنے غم و غصے کا اظہار کیا جہاں کیڑے مار دوا لی گئی تھی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ دکان کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔ پارنیر پولیس کی ثالثی اور مجرموں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی یقین دہانی کے بعد دونوں بچوں کی آخری رسومات ان کے گاؤں میں سوگوار ماحول میں ادا کی گئیں۔ رات دیر گئے تک پارنیر پولس اسٹیشن میں اس سلسلے میں کیس درج کرنے کا کام جاری تھا۔
پاؤڈر پر کوئی پابندی نہیں ہے :
سیل فاسفیٹ پاؤڈر کیڑوں کو اناج کو متاثر کرنے سے روکنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ پاؤڈر انتہائی زہریلا ہوتا ہے اور چونکہ اس میں ایلومینیم فاسفیٹ ہوتا ہے اس لیے استعمال کے بعد یہ کیمیائی گیس پیدا کرتا ہے۔ اس پاؤڈر پر کوئی پابندی نہیں ہے ۔ اسے استعمال کرنے کے طریقے کے بارے میں ہدایات پیکٹ پر دی گئی ہیں۔ اس طرح کی معلومات گجانن گھلے، تعلقہ زراعت افسر، پارنیر نے دی ہے ۔
