ناسک / سرکاری محکموں میں دن بہ دن بڑھ رہی رشوت خوری نے عوامی کاموں کو متاثر کر رکھا ہے ، ایسے میں محکمہ اینٹی کرپشن بیورو کی جانب سے کاروائی کا سلسلہ بھی مسلسل جاری ، آج ناسک ضلع میں ایک بڑے افسر کی جانب سے رشوت مانگے جانے پر ہوئی کاروائی نے ضلع بھر کے سرکاری محکموں میں ہلچل مچا دی ہے ۔
ناسک اینٹی کرپشن بیورو سے ملی تفصیلات کے مطابق 57 سالہ مرد شکایت کنندہ نے ناسک اینٹی کرپشن بیورو میں شکایت دیتے ہوئے کہا کہ دنڈوری میں اسکی کمپنی ہے ، اس کمپنی کو دنڈوری پرانت آفیسر ڈاکٹر نیلیش اپار عمر 37 سال (اے کلاس) رہائش سوامی بنگلہ سرکاری رہائش گاہ دنڈوری ضلع ناسک نے نوٹس جاری کیا تھا ، کیونکہ کمپنی بناتے وقت غیر زرعی اجازت نامہ نہیں لیا تھا۔ اس کے علاوہ کمپنی کو زبانی طور پر پیداوار روکنے کے بارے میں بتایا گیا تھا ۔ مذکورہ کمپنی کے خلاف کارروائی نہ کرنے اور بند کمپنی کو دوبارہ شروع کرنے پر شکایت کنندہ سے 50 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا گیا اور سمجھوتے کے طور پر 40 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا اور اسے قبول کرنے پر آمادگی ظاہر کی ۔
کمپنی مالک کی جانب سے شکایت ملتے ہی ناسک اینٹی کرپشن یونٹ نے ناسک ضلع ایس پی (اے سی بی ) شرمشٹھا والاولکر ، ایڈیشنل ایس پی مدھو ریڈی کی رہنمائی میں ڈی واے ایس پی نریندر پوار و انکی ٹیم نے کاروائی کرتے ہوئے ملزم پرانت آفیسر ڈاکٹر نیلیش اپار کو گرفتار کیا ۔ وہیں ناسک اینٹی کرپشن بیورو نے عوام سے اپیل کی ہیکہ اگر کوئی بھی سرکاری نیم سرکاری آفیسر ، ملازم کسی بھی سرکاری کام کاج کو کرنے کے لئے رشوت طلب کرتا ہے تو اسکی شکایت اس ٹول فری نمبر ، 1064 / 02532578230 پر کریں ۔ ایسے رشوت خور افسران و ملازمین پر کاروائی کی جائے گی ۔