ناسک/ ریاستی وزیر و این سی پی لیڈر چھگن بھجبل کو جان سے مارنے کی دھمکی ملی تھی ۔ یہ دھمکی ان کے دفتر کے ایک کارکن کے موبائل فون پر کال کرکے دی گئی تھی ۔
اس سلسلے میں مزید معلومات یہ ہے کہ چھگن بھجبل کو دھمکی دینے والے شخص نے کہا کہ اسے جان سے مارنے کی ایک سپاری ملی ہے ، اس ضمن میں شکایت ملنے کے بعد پونہ پولیس نے دھمکی دینے والے شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ متعلقہ شخص نے نشے کی حالت میں دھمکی آمیز کال کیا تھا ۔
دھمکی دینے والے شخص نے اپنا نام پرشانت پاٹل بتایا ہے ۔اس کے بعد چھگن بھجبل کے دفتر نے فوری طور پر پونے پولیس کو کیس کے بارے میں تفصیلی معلومات دی۔ اس کے بعد پولیس نے تمام تفصیلات حاصل کرکے تحقیقات شروع کردی تھی ۔ پولیس نے موبائل نمبر کی بنیاد پر پرشانت پاٹل کو پونہ کے مہاڈ سے گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ پرشانت پاٹل نے نشے کی حالت میں وزیر چھگن بھجبل کو دھمکی دی تھی۔ مشتبہ ملزم پرشانت پاٹل اصل میں کولہاپور کا رہنے والا ہے ۔