مشہور خبریں

مولانا مختار احمد ندوی ٹیکنیکل کیمپس منصورہ میں "اینٹی ریگنگ ڈے" منایا گیا ، ایڈو کیٹ شاہد ندیم ( لیگل ایڈوائزر ، جمعیۃ علماء) نے طلباء و طالبات سے کیاخطاب

 


مالیگاؤں (پریس ریلیز) جامعہ محمدیہ ایجوکیشن سو سائٹی (منصورہ کیمپس) کے زیر اہتمام کامیابی کے ساتھ جاری انجینئرنگ و پولی ٹیکنیک کالج بنام مولانا مختار احمد ندوی ٹیکنیکل کیمپس (MMANTC)کی جانب سے "اینٹی ریگنگ ڈے" بروز سنیچر 12، اگست 2023 کو منایا گیا۔ اس پروگرام کا مقصد طلبہ کو ریگنگ سے متعلق سخت قوانین  و دفعات کے بارے میں معلومات فراہم کرنا اور ریگنگ جیسے سنگین جرم  کی روک تھا م کرنا تھا۔  اس پروگرام میں بطور مہمان و مقرر خصوصی دہلی سپریم کورٹ اور ممبئی ہائی کورٹ کے   وکیل ، بار کونسل آف انڈیا کے ممبر ایڈوکیٹ شاہد ندیم ( لیگل ایڈوائزر، جمعیۃ علماء مہاراشٹر) کو مدعو کیا گیا۔ 


ایڈوکیٹ شاہد ندیم نے  مہاراشٹر ریگنگ ایکٹ  کی روشنی میں طلبہ کی رہنمائی فرمائی۔ انھوں نے بتایا کہ کالجوں اور یونیورسٹیوں میں کسی بھی طلبہ کو ذہنی و جسمانی طورپر نقصان دینا ریگنگ کہلاتا ہے ۔ ریگنگ ایک سنگین جرم ہے جس کیلئے مجرم کو تین سال تک کی سزا دی جاتی ہے۔ نیز دس ہزار روپیہ جرمانہ اور ریگنگ کرنے والے طلبہ کو کالج سے نکال دیا جاتا ہے اور ان کا کریئر بننے سے پہلے ہی ختم ہوجاتا ہے۔ موصوف نے بتایا کہ آج بھی ملک ہندوستان میں ریگنگ کے مختلف معاملات رونما ہو رہے ہیں اور طلبہ خودکشی کر رہے ہیں۔ انھوں نے کالج انتظامیہ سے  کہا کہ آپ کا کیمپس ریگنگ فری ہے لیکن اس کے باوجود اس طرح کے معاملات پر نظر رکھیں اور فور ی طور پر اسے حل کرنے کی کوشش کریں۔ 


اس پروگرام میں بطور مہمان شریک ریٹائرڈ پرنسپل و فزیکل ٹیچر امین فیضی نے ریگنگ فری منصورہ کیمپس  کی ستائش کی  اور اس کیمپس کو ریگنگ فری بنانے پر انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی۔مولا نا مختار احمد ندوی ٹیکنیکل کیمپس کے پرنسپل ڈاکٹر عقیل احمد شاہ نے  اس پروگرام کے اغراض و مقاصد، کالج کا تعارف اور مہمانوں کا استقبال کیا۔ انھوں نے  بتایاکہ منصورہ  کیمپس میں ریگنگ کی روک تھام کیلئے   اینٹی ریگنگ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔ 



 اس موقع پر ڈاکٹر سلمان بیگ ( ڈین اکیڈمکس) نے کیمپس میں موجود ورکنگ اینٹی ریگنگ سیل کی سرگرمیاں  ، بنائے ہوئے ضابطہ اخلاق اور کمیٹی ممبران کا تعارف پیش کیا۔ ڈاکٹر فہد اقبال ( ہیڈ، الیکٹریکل ڈپارٹمنٹ ) نے ریگنگ سے متعلق قانونی معلومات فراہم کی اور طلبہ کو ریگنگ کی روک تھام کیلئے مختلف ہدایت پیش کی۔ وہیں پروفیسر محبوب احمد ( میکانیکل انجینئرنگ) نے انٹی ریگنگ ڈے کے موقع پر منعقد ہونے والے مقابلوں کی تفصیلات پیش کی۔ 


اس موقع پر انجینئرنگ میں زیر تعلیم طلبہ کے مابین مختلف مقابلوں کا انعقاد کیا گیا ۔ جس میں مضمون نگاری، سلوگن ، لوگو ڈیزائن، پوسٹر ڈیزائن اور سیمینار منعقد کیا گیا۔ ان مقابلوں میں اول ، دوم اور سوم مقام حاصل کرنے والے طلبہ کو مہمانوں کے ہاتھوں اسناد سے نوازا گیا ۔ وہیں مقابلوں میں شریک تمام طلبہ کو بھی سرٹیفکیٹ دیا گیا۔ اس پروگرام کے مہمان و مقرر خصوصی ایڈوکیٹ شاہد ندیم  کا پرنسپل عقیل احمد شاہ اور جناب امین فیضی کا ڈاکٹر محمد اظہر نے استقبال کیا۔ اسی طرح سے دیگر مہمان اکرام میں جناب ناصر حسین ( رائل)، جناب عمر فاروق ( پپو صدیقی) اورجناب  انور الحق کا ادارہ کی جانب سے استقبال کیا گیا ۔ اس پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن مع ترجمہ سے ہوا۔ اس پروگرام کی نظامت محترمہ عفیفہ رفیق  اور رسم شکریہ ڈاکٹر ہمایوں اختر نے پیش کیا۔ 

٭٭٭

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.